ہربنس پورہ ، نامعلوم ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک، 2روز قبل مارے جانیوالے ڈاکو کا پوسٹ مارٹم نہ ہو سکا

ہربنس پورہ ، نامعلوم ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک، 2روز قبل مارے جانیوالے ڈاکو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(وقائع نگار) ناکوں پر چینکنگ کے دوران ہربنس پورہ کے علاقہ میں ایک نامعلوم ڈاکو کو پولیس نے مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک شہری ناکے سے گزرا جس کو پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا ،نہ رکنے پر پولیس پارٹی نے اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ ہلاک ہو گیا جبکہ پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کے پاس پستول تھا جب اسے رکنے کا اشارہ کیا گیا تو اس نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی ۔جوابی فائرنگ میں وہ ہلاک ہو گیاجس کی شناخت نہیں ہو سکی ،پولیس مرنے والے شخص کا ڈیٹا حاصل کر رہی ہے اور اس بارے میں نادرا سے بھی رابطہ کیا جائے گاتاکہ اس کے فنگر پرنٹس حاصل کر کے خاندان تک پہنچا جا سکے جبکہ نشتر کا لو نی کے علاقہ میں دو روز قبل مبینہ پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے ڈاکو کا تاحال پوسٹ مارٹم نہ ہو سکا۔ پولیس اس کے مفرور ساتھیوں کو بھی تاحال گرفتار نہیں کر سکی ،پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ناکے لگا کر ملزم کے ساتھیوں کی تلاش شروع کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق نشتر کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے چند روز قبل رفیق نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم قتل، ڈکیتی و راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ انویسٹی گیشن پولیس ملزم رفیق کو مال مسروقہ کی برآمدگی کے لئے لے جا رہی تھی کہ ملزم نے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار سے سرکاری ایس ایم جی رائفل چھین لی اور ہتھکڑیوں سمیت پولیس کی حراست سے فرار ہو گیا۔ ملزم کے فرار ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی تھی ، اسی دوران دوروز قبل پولیس کو ملزم کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی جس پر پولیس نے کاہنہ میں چھاپہ مارا تومفرور ڈاکو نے فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا،تاحال اس کا پوسٹ مارٹم نہیں ہو سکا ہے ۔دوسری جانب جاں بحق ہونے والے ڈاکو کے ساتھیوں کی تلاش کے لئے شہر بھر میں پولیس کی جانب سے ناکے لگائے ہیں، ان ہی ناکوں میں سے ہر بنس پورہ کے علاقہ میں ناکہ پر گزشتہ روز پولیس نے ایک مشکوک موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزم نے پولیس پر فائرنگ کر دی ،جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ڈاکو کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے، اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ نشتر کالونی میں مبینہ مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو کے ساتھیوں کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، جلد ہی ان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -