مالکان سی این جی کی قیمتوں کا تعین کرنے کے خود مجاز ہونگے، وزارت پٹرولیم

مالکان سی این جی کی قیمتوں کا تعین کرنے کے خود مجاز ہونگے، وزارت پٹرولیم

لاہور( لیاقت کھرل) وزارت پٹرولیم نے اوگرا کے انتظامی امور ملنے پر نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی این جی مالکان سی این جی کی قیمتوں کا تعین کرنے کے خود مجاز ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے نیپرا اور پی ٹی اے، میپرا سمیت دیگر ریگولیٹری اتھارٹیز کی طرح اوگرا اتھارٹی کی خودمختاری کو ختم کر کے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو انتظامی امور سپرد کرنے سے کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین سمیت گیس اور سی این جی کی قیمتوں کے مقرر کرنے میں پٹرولیم کی وزارت اور کیبنٹ کو درپیش مسائل سے چھٹکارا حاصل ہو گا، سی این جی اسٹیشن مالکان سی این جی کی قیمت میں خود مختار ہوں گے۔ اوگرا کے انتظامی امور وزارت پٹرولیم کے سپرد ہونے پر سی این جی مالکان نے اس فیصلہ کو سراہا ہے۔ وزارت پٹرولیم کے حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ سی این جی کی قیمتیں وزارت پٹرولیم یا اوگرا مقرر کرنے کی بجائے سی این جی مالک خود مقرر کرنے میں مجاز ہو گا۔ وزارت پٹرولیم کے حکام یہ بھی کہنا ہے کہ نئے فیصلہ کے بعد سی این جی مالک مطلوبہ مارکیٹ کے مطابق سی این جی کی قیمت مقرر کرنے میں بااختیار ہو گا جس میں سی این جی مالک سی این جی کی قیمتیں بڑھانے یا کم کرنے میں بھی خودمختار ہوگا۔ اس حوالے سے سی این جی مالکان اور سی این جی ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلہ کو زبردست سراہا ہے اور کہا ہے کہ اس سے وزارت پٹرولیم کی کارکردگی میں بہتری اور وزارت کے انتظامی امور میں مضبوطی آئے گی۔ وزارت پٹرولیم کے حکام کا مزید کہنا ہے کہ سی این جی مالکان کو قیمتوں کے تعین کے حوالے سے بااختیار بنانے کے لئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سی این جی مالکان کو سی این جی کی قیمتیں مقرر کرنے کے حوالے سے بااختیار بنانے سے لاہور سمیت پنجاب بھر کے اضلاع اور کے پی کے میں سی این جی کی قیمتیں مختلف ہوں گی، جس پر سی این جی صارفین نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مزید : صفحہ اول