پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ آکر نوازشریف کو وزیراعظم تسلیم کرلیا،پرویز رشید

پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ آکر نوازشریف کو وزیراعظم تسلیم کرلیا،پرویز رشید

کلر سیداں(تحصیل رپورٹر)سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ میں واپس آ کر میاں محمد نواز شریف کو وزیر اعظم تسلیم کر لیا ہے۔عمران خان مستقل مزاج سیاستدان نہیں۔کبھی کمیشن تشکیل دینے کیلئے اسلام آباد لاک ڈاؤن کی باتیں کرتے ہیں اور جب سپریم کورٹ کمیشن بنانے کا عندیہ دیتی ہے تو وہ کمیشن بنانے کی مخالفت پر اتر آئے،ان کی ڈکشنری میں ثابت قدمی نہیں۔وزارت عظمی صرف خواہشات پر حاصل نہیں کی جا سکتی،اس منصب پر پہنچنے کیلئے انہیں 2018 تک انتظار کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوآ خالصہ میں لیگی رہنما محمد ظریف راجا کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وہ یہاں ان کے والد کی وفات پر فاتحہ خوانی کرنے آئے تھے۔سینیٹر پرویز رشید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے تین برسوں میں عوام کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہ کیا۔عمران خان اور پی ٹی آئی کی اعلی عدلیہ کیخلاف مہم افسوس ناک ہے۔وہ ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔جھوٹ بولنا اور یوٹرن لینا عمران خان کی سیاسی شناخت بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئین کی کاپیاں پھاڑ کر پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کیا۔عمران خان سیاسی ایشو کے طور پر پانامہ کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔عمران خان اکھٹر پن میں فیصلے کرتے ہیں اور انتخابات تک یو ٹرن کی سنچری مکمل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائینہ اکنامک کوریڈورسے پاکستان اور پورے خطہ میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔خطے کی آبادی کا مستقبل کوریڈور سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی،اور بین الاقوامی تجارت کے ذریعے وسیع تر علاقائی روابط کا فروغ خوشحالی کی کلید ہے اور اس سے نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ پورے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول