صوبائی وزرائے صحت کا ناقص ادویات کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

صوبائی وزرائے صحت کا ناقص ادویات کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے بین الصوبائی وزراء صحت کے اجلاس کی صدارت کی،تمام صوبائی وزرائے صحت کا ناقص ادویات کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا فیصلہ،بین الصوبائی وزراء صحت کا اجلاس وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام صوبوں کے وزارئے صحت اور اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں جعلی ادویات کی لعنت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اورا س سلسلے میں ملک گیر مہم چلانے کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں مستحکم ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے نظام وضع کیا گیا اور اس سلسلے میں بین الصوبائی رابطہ مشاورت اور مانیٹرنگ کو مربوط بنانے پر زور دیا ۔ اس موقع پر وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ عوام تک معیاری صحت کی سہولیات کی رسائی ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں نے مل کر صحت کے شعبے میں اہم سنگ میل حاصل کیے ہیں جس میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے ایکشن پلان جس کے تحت وفاق نے صوبوں کے لیے بین الاقوامی اداروں سے خطیر رقم حاصل کی ہے۔ علاوہ ازیں حال ہی میں بین الصوبائی مشاورت سے قومی ہیلتھ وژن 2025 کی تشکیل ایک اہم سنگ میل ہے انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت نے 2013 سے اب تک مختلف پروگرام کے حوالے سے صوبوں کے لیے وسائل کا انتظام کیا ہے اور اپنے مینڈیٹ کے تحت بین الصوبائی ایجنسیوں سے کامیاب مذکرات کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشن کے تحت بیماریوں کی بین السرحدی روک تھام ہماری ذمہ داری ہے اور ہماری وزارت کلیدی رول ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے بالخصوص ایبولہ کی وباء کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہم نے اس چیلنج کو کامیابی سے قبول کیا اور جس میں صوبوں کا تعاون بھی شامل رہا۔ وزیر صحت نے مستحکم ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے صوبوں سے کوششیں تیز کرنے کے لیے کہا۔ اور اس سلسلے میں گزارش کی کہ وفاقی وزارت کے طرز پرSDGs یونٹ قائم کیا جائے اور اس سلسلے میں ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے۔ وفاقی سیکرٹری صحت نے اس موقع پر بتایا کہ ایکنک کے آج ہونے والے اجلاس میں پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت موجودہ 23 اضلاع کے علاوہ 11 مزید اضلاع میں پروگرام کے اجراء کی منظور ی دے دی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی وزارت نے ایک بین الاقوامی معیار کا قومی ڈیش بورڈ قائم کیا ہے جس کے لیے صوبوں سے بر وقت معلومات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر