حکومت ملک کو اقتصادی ٹائیگر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ،ملک اعتبار

حکومت ملک کو اقتصادی ٹائیگر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ،ملک اعتبار

اسلام آباد /راولپنڈی ( پ ر)مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک اعتبار خان نے کہاہے کہ حکومت ملک کو ایشیاء کا اقتصادی ٹائیگر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ،ملک معاشی لحاظ سے مضبوط ہو گا تو ہر شہری خوشحال ہو گا ،ملک کی اقتصادی ترقی سے عام شہری کا روشن مستقبل وابستہ ہے ،آنے والے وقت میں پاکستان دنیاکی اہم معیشتوں کا حصہ بن جائے گا ۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے ایم این اے ملک اعتبار خان نے کہاکہ سی پیک کی کامیاب تکمیل ملکی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہو گا اور اس کا سہرا پاکستان مسلم لیگ ن کے سر جائے گا ۔سی پیک کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اور خطے میں معاشی انقلاب برپا ہو جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی کے حکومتی اقدامات کی بدولت روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی افرادی قوت کو بیرون ملک جا کر اپنی توانائیاں خرچ کرنے کی بجائے اپنے ہی ملک میں باعزت روزگار مل سکے گا اور لاکھوں ملازمتوں کا انتظام ہو سکے گا ۔ایک سوال کے جواب میں ملک اعتبار خان نے کہاکہ سیاسی بچوں کی بڑھکیں معاشی ترقی کے عمل کو روک نہیں سکتیں جبکہ دھرنا سیاست کا بھی دھڑن تختہ ہو چکا اور عوام کو کھرے کھوٹے کی مکمل پہچان ہو چکی ہے ۔اب عوام کسی طالع آزما یا مداری کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔

Back

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر