وفاقی وزیر داخلہ حقیت کاسامنا کریں،مولا بخش چانڈیو

وفاقی وزیر داخلہ حقیت کاسامنا کریں،مولا بخش چانڈیو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ چودھری نثار کی پریس کانفرنس سے یہ حقیقت عیاں ہو گئی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ان کے لئے ایک نیا سیاسی خوف بن کر سامنے آئے ہیں ۔ وہ پانامہ معاملے کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ ساری عمر بیرون ملک پڑھنے والے نوجوان کے تلفظ کی ادائیگی پر تنقید چودھری نثار کو زیب نہیں دیتی چودھری نثار کے غصہ کی اصل وجہ یہ ہے کہ آج ان کے سامنے حقیقی اپوزیشن کھڑی ہوئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چودھری نثار کی پریس کانفرنس کے رد عمل پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ انتہائی پریشانی کے عالم میں پریس کانفرنس کر رہے تھے اور خوف اور بوکھلاہٹ ان کے چہرے سے عیاں تھی۔ ہمیشہ بن سنور کر رہنے والی شخصیت آج بے بسی اور خوف کے عالم میں میڈیا کے سامنے سیاسی یتیم بن کر کھڑی تھی۔ یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایسی کیا مصیبت آن پڑی کہ انہیں اس حلئے اور خوف میں ہنگامی پریس کانفرنس کرنی پڑی۔ مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ کی ناکامیاں کھل کر سامنے آگئی ہیں اور وہ گھسے پٹے الزامات لگانے پر اترے ہوئے ہیں جبکہ انہیں چاہئے کہ پانامہ معاملہ کو چھپانے کی ناکام کوشش کے بجائے حقیقت کا سامنا کریں اور اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ پیپلز پارٹی ہی حکومت کی حقیقی اپوزیشن ہے اور بلاول بھٹو زرداری ان کے لئے نئے سیاسی خوف کا نام ہے جو چودھری نثار اور مسلم لیگ (ن) کے لیڈروں پر سوار ہے اور بد حواسی کے عالم میں چڑ چڑاہٹ کا شکار ہیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر