لاہور میں پی ایس ایل فائنل، نجم سیٹھی نے ”دعاﺅں کی درخواست“ کردی
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور میں پی ایس ایل فائنل کیلئے پی سی بی نے ”دعاﺅں کی درخواست“ کردی، ایگزیکٹو کمیٹی چیف نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ میچ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر تیاری کررہے ہیں۔ دعا کریں اس دوران کوئی حادثہ نہ ہو۔ انہیں یقین ہے کہ بھارت ہر آئی سی سی ٹورنامنٹ میں پاکستان سے میچ کھیلے گا، بڑے مالی مفاد کو نظر انداز کرنا کسی کیلئے بھی آسان نہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کیلئے پنجاب حکومت سے مل کر تیاری کررہے ہیں۔ دعا کریں اس دوران کوئی حادثہ نہ ہو۔ انہوں نے ایک بار پھر سابقہ بیان دہراتے ہوئے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ سال ایک سرفہرست ٹیم پاکستان آئے گی اور لاہور میں میچز ہوں گے۔ واضح رہے کہ نجم سیٹھی نے ہی بطور چیئرمین پی سی بی قوم کو بھارت سے کئی سیریز ہونے کے سبز باغ دکھاتے ہوئے بگ تھری کے معاملے پر بھارت کا ساتھ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی واضح ہدایات ہیں کہ کرکٹ میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے لیکن بھارت کا رویہ اس کے برعکس ہے۔ لودھاکمیشن کے تحت کارروائیوں کی وجہ سے بی سی سی آئی اندرونی طور پر بھی مسائل کا شکار ہے۔ اس لئے پاکستان سے سیریز کیلئے بھی بڑے فیصلے کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔