ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں رکاوٹ کون؟

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں رکاوٹ کون؟
 ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں رکاوٹ کون؟

  

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ میں 86برس قید کی سزا سنائی گئی جس کے بعد ان کی رہائی کے لئے ڈاکٹر عافیہ موومنٹ کے پلیٹ فارم سے بھرپور جدوجہد جاری ہے۔

ڈاکٹر عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی اس تحریک کی روح رواں ہیں اورملک کے کونے کونے میں جاکر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے آواز بلند کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

اس سلسلے میں انہوں نے سال 2017ء کا المیہ کے نام سے ایک خط بھی تحریر کیا ہے، جسے میں چاہتا ہوں کہ قارئین کی نذر کیا جائے۔ وہ اپنے مکتوب میں لکھتی ہیں کہ میرے پاس الفاظ نہیں جن سے میں اپنے جذبات کا اظہار کرسکوں، مگر میرے رب کے پاس وہ رحمتیں اور برکتیں ہیں، جن کی آپ پر نزول کی میں دعا گو رہتی ہوں۔

میں ایک مرتبہ پھر آپ سے اس لئے رابطہ کررہی ہوں کہ ایک اور عیسوی سال2017ء اختتام پذیر ہونے کوہے۔اس سال کے آغاز میں 20 جنوری کو جب باراک اوبامہ اپنی آئینی مدت صدارت پوری کرکے سبکدوش ہورہے تھے تو عافیہ کے امریکی وکلاء اسٹیون ڈانز اور کیتھی مینلے صدر مملکت ممنون حسین یا وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے ایک خط کے منتظر تھے۔

عافیہ کی صدارتی معافی کے ذریعے رہائی کے لئے عافیہ کے وکلاء مکمل طور پر پرامید تھے۔یوں سمجھئے کہ عافیہ کی رہائی اوروطن واپسی میں ’’رکاوٹ‘‘ حکومت پاکستان کا ایک خط بن رہا تھا۔ ہم اس ایک خط کے حصول کے لئے مارچ 2016ء سے 20 جنوری 2017ء تک جدوجہد کرتے رہے تھے۔

میں اورعافیہ کے امریکی وکلاء پاکستان کے 22 کروڑ عوام موجودہ صدر مملکت ممنون حسین،سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف،سابق مشیرخارجہ سرتاج عزیز اور سابق وزیرداخلہ چودھری نثار سے بار بار رابطہ کرکے ’’ایک خط‘‘ کے لئے درخواستیں اور آخر میں التجائیں کرتے رہے، لیکن حکمرانوں کے ’’پتھر‘‘ دل’’ موم‘‘ نہ ہوسکے۔

اس دوران آپ جیسے دردمنددل رکھنے والے کالم نویسوں اور صحافی برادری نے اس دینی و قومی فریضہ کی ادائیگی کے لئے عوام کو حقیقت حال سے روشناس کرایا جس کی بدولت ملک کے چپے چپے سے عافیہ کی رہائی کے لئے خط لکھنے کا مطالبہ کیا جانے لگا۔

ان 9 ماہ میں ملک بھر میں عوام،عافیہ موومنٹ کے رضا کاروں اور مختلف سیاسی و دینی جماعتوں نے عافیہ کی حمایت میں جدوجہدکا سلسلہ شروع کیا۔

ایک جانب کراچی اور حیدرآباد پریس کلب کے باہرعافیہ موومنٹ کی رضاکار خواتین و حضرات نے 86 روزہ ’’عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ‘‘ کا انعقاد کیاتو دوسری جانب عافیہ موومنٹ، خیبرپختونخوا کے رضاکاروں نے لکی مروت سے براستہ بنوں، ڈومیل، کرک، لاچی، کوہاٹ تا پشاور بعد ازاں پشاور سے براستہ پبی، نوشہرہ، اکوڑہ خٹک، جہانگیرہ، خیرآباد، اٹک تا اسلام آباد ’’عافیہ رہائی پیدل مارچ‘‘ کئی سوکلومیٹر پیدل چل کر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے کیا اور ’’امریکی صدر کو ایک خط لکھنے‘‘ کا مطالبہ اقتدار کے ایوانوں تک پہنچایا۔ اس دوران میں حیدرآباد، پشاور،لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کئی دیگر شہروں میں گئی اور جہاں پر ڈاکٹر عافیہ کے حق میں مختلف سیاسی، سماجی اور دینی جماعتوں اور عافیہ موومنٹ کے جلسے، جلوسوں اور ریلیوں میں شرکت کی اورپریس کانفرنسوں سے خطاب بھی کیا۔

جیسے جیسے امریکی صدر باراک اوبامہ کی سبکدوشی کی تاریخ 20 جنوری نزدیک آتی گئی،ملک کے کونے کونے سے عافیہ کی وطن واپسی کے لئے خط لکھنے کا مطالبہ زور پکڑتا گیا تو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بالواسطہ اور بلاواسطہ پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا کہ عافیہ کو جلد بارٹر سسٹم کے تحت واپس لانے کی خوشخبری پوری قوم کو دی جائے گی، جہاں آپ کے گھرانے نے اتنا صبر کیا اورقربانیاں دی ہیں تو ملک و قوم کے لئے کچھ دن اور صبر کی قربانی دے دیں۔

الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے یہ بات عام کی گئی اور ٹی وی ٹاک شوز میں بھی پرائم منسٹر ہاؤس کے حوالے سے عافیہ کو بارٹر سسٹم (شکیل آفریدی کے تبادلے میں) واپس لانے کے آپشن پر بھی اظہار خیال کیا گیا۔

20 جنوری کا دن ہی نہیں گزر گیا، 2017ء کا سال بھی گزرنے والا ہے۔’’ کیا یہ 2017 ء کا المیہ نہیں ہے کہ عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کا ایک اور موقع حکمرانوں اور ارباب اختیار نے گنوا دیا‘‘ جس کے باعث عافیہ کاایک اور سال جرم بے گناہی کی پاداش میں امریکی قید تنہائی میں گزر گیا۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی دیگر سیاستدانوں اور اپنے پیشرو حکمرانوں کی طرح عافیہ کو قوم کی بیٹی کہا تھا۔ 2013ء میں برسراقتدار آنے کے فوراََ بعدعافیہ کی والدہ عصمت صدیقی اور بیٹی مریم سے ملاقات میں عافیہ کو 100 دن میں واپس لانے کا وعدہ کیا تھا۔ میاں محمد نواز شریف تو اقتدار میں نہیں رہے، لیکن ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) اب بھی برسراقتدار ہے۔

میاں صاحب کے پاس غالباََ اپنے وعدوں کی تکمیل کا آخری موقع اب بھی باقی ہے۔گذشتہ اڑھائی برسوں میں عافیہ سے ٹیلی فون پر ہونے والی چند منٹ کی بات چیت کا سلسلہ بھی منقطع ہوچکا ہے۔ اس سے قبل عافیہ کی صحت سے متعلق تشویشناک اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔

اس سال مارچ کے مہینے میں پاکستانی ذرائع ابلاغ کے ذریعے اہلخانہ کو پتہ چلا کہ ہیوسٹن امریکہ کے پاکستانی قونصل خانے کی قونصلر جنرل عائشہ فاروقی عافیہ سے ملاقات کرنے جیل گئی تھیں۔

عائشہ فاروقی کا بیان ہے کہ جنیوا کنونشن کی شق 2047 کا حوالہ دینے پر انہیں ملاقات کے لئے اس بیرک تک لے جایا گیاجہاں عافیہ قید ہے۔ عائشہ فاروقی بتاتی ہیں کہ ’’سلاخوں کے پیچھے بیڈ پر ایک خاتون منہ پر چادر اوڑھے لیٹے ہوئے تھی۔

ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ہڈیوں اور گوشت کا ڈھیر بیڈ پر دھرا ہو، بے حس و بے حرکت۔ جیل حکام کی جانب سے بتایا گیاکہ یہی عافیہ ہے‘‘۔ اس طرح عافیہ کے زندہ ہونے کی تصدیق ہوگئی۔

عافیہ کی صحت کی تشویشناک اطلاعات کے بعد حکومت سے کئی بارعافیہ سے ملاقات کرانے کی درخواست کی جاچکی ہے۔ عافیہ کی ضعیف اور باہمت والدہ اپنی بیٹی اوردونوں بچے احمد و مریم اپنی ماں سے ساڑھے 14سال سے ملاقات کے لئے ترس گئے ہیں۔

میں خود بھی اپنی بہن عافیہ سے ملنا چاہتی ہوں تاکہ بحیثیت ڈاکٹر عافیہ کی صحت کا اندازہ کرسکوں۔میری حکومت وقت اور ارباب اختیار سے استدعا ہے کہ ہماری عافیہ سے ملاقات کرانے کا سرکاری طور پر بندوبست کیا جائے، جس کے تمام تر اخراجات ہم نجی طور پر برداشت کریں گے۔تاریخ گواہ ہے کہ صرف ان قوموں اور تہذیبوں نے ترقی کی ہے، جن کی لیڈرشپ ’’غیرت مند‘‘تھی۔

جب ایک بھارتی خاتون کو نیویارک میں امریکی قوانین کی خلاف ورزی پرمقامی پولیس نے گرفتار کیاتو فوری طور پر انڈیا میں گویا ایک بھونچال آگیا۔ وہاں کی حکومت، اپوزیشن، فوج،ریاستی ادارے، سول سوسائٹی اور عام آدمی قومی یکجہتی کے ساتھ سراپا احتجاج ہوئے۔

یہاں تک معاملہ امریکہ سے سفارتی تعلقات توڑنے کی حد تک پہنچ گیا۔جس پر امریکیوں کو گھٹنے ٹیکنے پڑ گئے۔اس وقت دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت میں انڈیا کا تیسرا نمبر ہے۔

عافیہ کی رہائی کی جدوجہد عالمگیر حیثیت اختیار کرچکی ہے۔ ہر براعظم میں عافیہ کی رہائی کے لئے آواز بلند کی جارہی ہے۔پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک کے علاوہ امریکہ میں بھی قانون دان، دانشوراور سول سوسائٹی کے ارکان عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ہم نے عافیہ کی وطن واپسی کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ حکمرانوں کو ان کے وعدے اور آئینی فریضہ کی تکمیل کی ادائیگی کے لئے زنجیر عدل بھی ہلا چکے ہیں۔اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن نمبر 3139/2015ء، لاہور ہائی کورٹ میں 1071۔H/2009ء اور سندھ ہائی کورٹ میں 1315/2013ء دائر ہیں،لیکن حکمرانوں اور ریاستی حکام نے عدالتوں کے احکامات پربھی عمل نہیں کیا۔

مسلمانوں کی تاریخ میں عظیم جرنیل محمدبن قاسم و طارق بن زیاد، عباسی حکمران معتصم باللہ اورعثمانی سلطنت کے فرماں روا سلطان محمد فاتح نے بیٹیوں کی حفاظت کے لئے تاریخ اور جغرافیہ تبدیل کیا ہے۔

وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔ الحمدللہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے سیاسی،دینی، سماجی رہنماؤں ،اساتذہ، وکلاء، الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی، ایڈیٹرز، کالم نویس، اینکرپرسن، رپورٹر، فوٹوگرافر، کیمرہ مین، مزدور، کسان، طلبہ و طالبات غرض ہرشخص قومی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حصے کا فرض ادا کررہا ہے۔

اگر کہیں کمی نظر آئی ہے تو وہ ہمارے حکمرانوں، سیاسی قائدین اور پارلیمنٹ کے ایوانوں کے کردار میں نظر آئی ہے۔ موجودہ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی عافیہ کے اہلخانہ اور عافیہ کے وکلاء کو اعتماد میں لے کر ’’کرسمس‘‘ کے موقع پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے عافیہ کی رہائی کے لئے بات چیت کریں تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

تیزی سے اختتام پذیر اس سال 2017ء میں کئی اہم واقعات رونما ہوئے ہیں، جن میں سے ایک اہم اور المناک واقعہ یہ بھی ہے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی قیدناحق کا خاتمہ اور وطن واپسی ’’سابق وزیراعظم نوازشریف یا صدرمملکت ممنون حسین کے ایک خط‘‘ نہ لکھنے کی وجہ سے نہ ہوسکی۔

میں سمجھتاہوں کہ موجودہ حکمرانوں کو کسی قسم کی مصلحت پسندی سے کام نہیں لینا چاہیے اور فوزیہ صدیقی کو اعتماد میں لیتے ہوئے ان کی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔

مزید :

رائے -کالم -