تمام صنعتوں کیلئے یکساں نرخوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ‘ پیاف

تمام صنعتوں کیلئے یکساں نرخوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ‘ پیاف

  

لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ(پیاف) نے انڈسٹری کے لئے گیس سپلائی کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام انڈسٹریز کیلئے یکساں نرخوں پرگیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ پنجاب کی صنعتیں رواں ماہ سے قدرتی گیس نہ ملنے کی وجہ سے مہنگی ایل این جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ تمام انڈسٹریل سیکٹر ما سوائے ٹیکسٹائل جن میں سٹیل، پلاسٹک ،سمینٹ،فارما، سرامکس ، الیکٹرک وغیرہ شامل ہیں اور گیس کے بغیر دوسرے ذرائع سے پیداوارکو بہر کیف جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان سے لاکھوں بلکہ کروڑوں خاندان کا روزگار بالواسطہ یا بلاواسطہ طورپر قائم ہے اور ان انڈسٹری کو گیس نہ دینا زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ متبادل ذرائع سے انڈسٹری چلانے سے پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے اور کچھ صنعت کار اپنی فیکٹریاں بند کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں جس سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ صنعتی شعبہ کے لئے قدرتی گیس کی قیمت تین سو سے چار سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ ایل این جی کی قیمت یارہ سے بارہ سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔

جس سے مسابقت اور پیداوار کے مسائل جنم لے رہے ہیں چونکہ کہ توانائی بحران سے انڈسٹری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے اور کرنسی کی ڈی ویلیوایشن سے درآمدی صنعتی خام مال مہنگا ہونے کی وجہ سے برآمد کندگان مشکلات سے دوچار ہیں چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ٹیکسٹائل سمیت دوسری انڈسٹریز کو بھی ترجیحی بنیادوں پرگیس دی جائے تاکہ انڈسٹری کا پہیہ چلتا رہے ۔اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔

مزید :

کامرس -