تمام مقتدر ادارے ملک میں جمہوریت کے علمبردار ہیں،رفیق رجوانہ
لاہور( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ فوجی قیادت کی طرف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹرز کو بریفنگ جمہوری تا ریخ کا سنہرا باب ہے۔جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ملک کے تمام مقتدر ادارے ملک میں جمہوریت کے علمبردار ہیں اور اپنی آئینی حدود کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ بالادست ہے اور ہمیں ماضی میں جھانکنے کی بجائے جمہوری دور کی نئی صبح کو خوش آمدید کہتے ہوئے پہلے سے بہتر انداز میں عوامی خدمت کا فریضہ سر انجام دینا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے107ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے 70 رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں ہر آنے والے دن کے ساتھ جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے۔
اور بہت جلد پاکستان کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والے جمہوری ملکوں میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار برسوں کے دوران ملک کے طول وعرض میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا گیاہے۔ گورنر پنجاب نے کہاہے یہ عہدے،اقتداراور اختیارات سب پاکستان کی مرہون منت ہیں۔اور ہمارا اصل ہدف اور نصب العین عوامی خدمت ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام عوام پر حکمرانی نہیں بلکہ ان کی امنگوں کی ترجمانی کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے کورس میں شریک افسروں سے کہا کہ آپ لوگ حکومت کی پالیسیوں کو عملی جامی پہنا نے کے لیے ہر اول دستہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ملک کے وقار کو بلند رکھنااور عوام کے مسائل کو حل کرنا آپ کے سرکاری فرائض کی بنیادہونی چاہیے ۔
گورنر پنجاب