پاکستان اور جاپان کا انسداد دہشت گردی و سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور جاپان کا انسداد دہشت گردی و سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون ...

  

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان اور جاپان نے انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔دونوں ممالک کے مابین اس عزم کا اظہار جاپان کے سفیر برائے بین الاقوامی تعاون برائے انسداد دہشت گردی ایجی یا موٹو کی وفد کے ہمراہ پاکستان کے مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ کے ساتھ ملاقات میں ہوا۔ملاقات کے موقع پر پاکستان میں جاپان کے سفیر ٹاکاشی کورائی بھی موجودتھے۔مشیر قومی سلامتی نے جاپانی وفد کوخطے کی سکیورٹی صورتحال خاص طور پر پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں ناصر جنجوعہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہونے والی کامیابیوں، سکیورٹی فورسز ، انٹیلی جنس ا یجنسیوں،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔جاپانی ایلچی نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کو سراہا اور اپنے ملک کی جانب سے اس جدوجہد میں پاکستان کو تکنیکی مہارت فراہم کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔انھوں نے بہتر اورمحفوظ مستقبل کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا۔

مزید :

علاقائی -