جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب ، پاکستان القدس پر امریکی فیصلہ واپس لینے کی قرار داد پیش کریگا : ملیحہ لودھی

جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب ، پاکستان القدس پر امریکی فیصلہ واپس لینے ...

  

نیویارک (صباح نیوز228آئی این پی)پاکستان، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک مشترکہ قرار داد پیش کرے گا جس میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا امریکی فیصلے واپس لینے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے عالمی ادارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے سفیروں کے گروپ کے اجلاس کے دوران کہی۔ یہ اجلاس مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت کے بارے میں جنرل اسمبلی کے آج ہونے والے خصوصی ہنگامی اجلاس سے قبل اپنے موقف کو حتمی شکل دینے کے لئے منعقد کیا گیا۔ملیحہ لودھی نے کہاکہ فلسطین کے نصب العین کی حمایت اورالقدس الشریف کا دفاع پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نکتہ ہے اور ہمیشہ سے مرکزی نکتہ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی اقدام عالمی قانونی نظام کیلئے نقصان دہ ہے اور پہلے سے تشدد کا شکار خطہ مزید غیر مستحکم ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس سے نہ صرف امن کے امکانات معدوم ہوں گے بلکہ قابض قوت کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے مزید تقویت ملے گی۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس عرب گروپ اور اسلامی تعاون تنظیم کی مشترکہ درخواست پر طلب کیاگیا ہے ۔ یہ اجلاس امریکی صدر کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کرنیکے حوالے سے سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی قرار داد کو امریکہ کی جانب ویٹو کرنے کے بعد بلایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جنرل اسمبلی فلسطینیوں کے حق خواد ارادیت کی توثیق کر تی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے متنازعہ فیصلے پر غور کے لئے عرب ممالک کی درخواست پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔جنرل اسمبلی کا اجلاس سلامتی کونسل میں مصر کی قرارداد کو امر یکہ کی جانب سے ویٹو کے بعد بلایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنرل اسمبلی میں ایک قرارداد پر رائے شماری کی جائے گی جس میں امریکا پر زور دیا جائے گا کہ متنازعہ فیصلے کو واپس لیا جائے۔

ملیحہ لودھی

مزید :

صفحہ اول -