کرسمس پر اقلیتی عبادت گاہوں حساس سمیت مارکیٹوں اور تفریح گاہوں پر فول پروف سکیورٹی کی ہدایت

کرسمس پر اقلیتی عبادت گاہوں حساس سمیت مارکیٹوں اور تفریح گاہوں پر فول پروف ...

  

لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر صوبے کی تمام اقلیتی عبادت گاہوں بالخصوص گرجا گھروں اور کلیساؤں سمیت حساس مارکیٹوں اور تفریح گاہوں کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں جبکہ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ون ویلنگ ،ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے اور شراب فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں تمام اضلاع کے آر پی اوز اورڈی پی اوز کو بذریعہ ویڈیو لنک ہدایات دیتے ہوئے کیا ،کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد طاہر، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکاراورایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر سمیت دیگر سینئر پولیس افسران موجود تھے ۔آئی جی نے مزید کہا کہ مسیحی برادری کے تحفظ کیلئے ان کی عبادت گاہوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے شہریوں کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں ، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرزکے استعمال کو یقینی بنا یا جائے،گرجا گھروں کے ارد گرد عمارتوں پر سنائپرز اور اندر سادہ لباس میں کمانڈوز کو لازمی تعینات کیا جائے تاکہ کرسچین برادری اپنی مذہبی رسومات بلا خوف و خطر ادا کر سکے ۔ کانفرنس کے دورا ن آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ حساس اور بڑے گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات کیلئے کنٹرول روم بنائے گئے ہیں اور ان کے گردو نواح میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جارہے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں کرسمس کے موقع پر 40ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ہر طرح کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے ڈولفن فورس اور پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ پولیس کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے ۔

مزید :

علاقائی -