کوئٹہ ‘چرچ حملے میں ہلاک 2 دہشتگردوں کے فنگر پرنٹس کا نادرا کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں ملا‘ڈی آئی جی کوئٹہ

کوئٹہ ‘چرچ حملے میں ہلاک 2 دہشتگردوں کے فنگر پرنٹس کا نادرا کے پاس کوئی ...

  

کوئٹہ (آئی این پی)کوئٹہ کے چرچ حملے میں ہلاک دو دہشت گردوں کے فنگر پرنٹس کا نادرا کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں ملا‘ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا ہے کہ دونوں دہشت گردوں کے جسم کے نمونے ڈی این اے کے لئے پنجاب فرانزک لاہور بھجوا دئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دہشت گردی میں استعمال ہونے والا بارودی مواد اور سی سی ٹی وی فوٹیج اور دہشت گردوں کی شناخت کے لئے فنگر پرنٹس کے نمونے بھی لاہور بھجوائے گئے ہیں۔ان کا بتانا تھا کہ نادرا سے کوئٹہ میں چرچ دہشت گرد ی میں ملوث دونوں حملہ آوروں کے فنگرپرنٹس کی رپورٹ پولیس حکام کو موصول ہوگئی ہیں، رپورٹ کے مطابق دونوں دہشت گردوں کے فنگر پرنٹس کا نادرا میں کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔حملہ آوروں کے ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ ان کا کم عمر ہونا ہوسکتا ہے جبکہ نادرا کے پاس ریکارڈ نہ ہونے کی دوسری وجہ حملہ آوروں کی رجسٹریشن کا نہ ہونا اور تیسری وجہ ان کا غیر ملکی ہونا بھی ہوسکتا ہے، تاہم چرچ پر حملہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج مزید تحقیقات کے لئے لاہور بھجوا دی گئی ہے۔چرچ حملہ میں ایک دہشت گرد سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا اور دوسرے دہشت گرد نے زخمی ہونے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -