امریکی سفارتخانے کی جانب سے نیشنل پریس کلب کو ابلاغ عامہ اور صحافت کے حوالے سے کتب کا تحفہ

امریکی سفارتخانے کی جانب سے نیشنل پریس کلب کو ابلاغ عامہ اور صحافت کے حوالے ...

  

اسلام آباد (این این آئی)امریکی سفارتخانے کی طرف سے نیشنل پریس کلب کو ابلاغ عامہ اور صحافت کے حوالے سے کتب کا تحفہ دیا گیا ہے۔ یہ کتب نیشنل پریس کلب کی لائبریری میں اراکین کے مطالعہ کے لئے دستیاب ہوں گی۔ اس حوالے سے بدھ کو امریکی سفارتخانے میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں سفارتخانے کے ترجمان رچرڈ سنیلسیئر نے یہ کتب نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم کے حوالے کیں۔ اس موقع پر امریکی سفارتخانے کی ریجنل پبلک انگیجمنٹ سپیشلسٹ ہولی مورٹن اور نائب ترجمان گریگوری ڈبلیو میکلوین، این پی سی کے سابق صدر طارق چوہدری، نائب صدر این پی سی نوید اکبر، نائب صدر پریس کلب مائرہ عمران، شہاب ظفر، افشاں امیر، مقصود شاہین بھی موجود تھے۔ امریکن ریسورس سنٹر اور امریکی سفارتخانے کے میڈیا کے شعبوں کے اہلکاروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ سفارتخانہ آئندہ بھی پریس کلب کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا تاکہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لئے کام کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عطیہ کی گئی کتب جرنلزم کے شعبے کی بہترین کتب میں شامل ہیں جن سے امید ہے کہ پریس کلب کے اراکین فائدہ اٹھائیں گے تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار آسکے۔ پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے کتابوں کی فراہمی پر امریکی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید کی کہ اس طرح کا تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

امریکی سفارتخانے

مزید :

صفحہ آخر -