اشرافیہ کا خاتمہ یقینی ہے یہ مارچ میں داخل ہوتے نظر نہیں آرہے: طاہرالقادری

اشرافیہ کا خاتمہ یقینی ہے یہ مارچ میں داخل ہوتے نظر نہیں آرہے: طاہرالقادری

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد کے ہمراہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اپنی تحریک عدل چلانے کی تاریخ دیں اسی دن ماڈل ٹاؤن کے قتل عام پر ان کے خلاف قصاص قتل کی تحریک شروع کرینگے، وثوق سے کہہ رہا ہوں اشرافیہ کا خاتمہ یقینی ہے، میرا اندازہ ہے کہ یہ مارچ میں داخل ہوتے نظر نہیں آرہے، 31دسمبر کی ڈیڈ لائن حتمی ہے، سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت جاری ہے، کل 21دسمبر فاروق ستار ایک بڑے وفد کے ہمراہ ملاقات کیلئے آرہے ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ نواز شریف اب صرف میڈیا پر تحریک چلاتے نظر آئیں گے، سڑکوں پر نکلنے کی ان میں ہمت اور جرأت نہیں، سربراہ عوامی تحریک نے سردار عتیق احمد اور ان کے سینئر رہنماؤں کا مرکزی سیکرٹریٹ آنے اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نے پنجاب حکومت کو ذمہ دار ٹھہرا دیا، ہم سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے استعفوں کے مطالبے کو حق بجانب سمجھتے ہوئے حمایت کرتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے، پاکستان اب مادر پدر آزاد جمہوریت کا متحمل نہیں ہو سکتا، ڈاکٹرطاہر القادری حصول انصاف کیلئے جو احتجاجی تاریخ دیں گے مسلم کانفرنس آزاد کشمیر سمیت ہر جگہ ساتھ کھڑی ہو گی،انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کو جمہوریت سے تشبیہہ دینا جمہوریت کی نفی ہے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور سردار عتیق احمد کے درمیان ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ منہاج القرآن مجاہد اول اور ان کے چشم و چراغ سردار عتیق خان کا اپنا گھر ہے ،یہاں ہم مہمان اور یہ میزبان ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -