کراچی، پولیس کا ہڑتالی اساتذہ پر دھاوا، لاٹھی چارج اور شیلنگ، متعدد گرفتار
کراچی(صباح نیوز)کراچی میں ٹیچرز کی جانب سے مستقل نہ کرنے کے خلاف کئے جانے والے احتجاج پر پولیس نے دھاوا بولتے ہوئے متعدد اساتذہ کو گرفتار کرلیا، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو جیل بھرو تحریک شرو ع کرینگے،اساتذہ کی دھمکی ۔ 2014ء میں بھرتی کیے گئے اساتذہ کو مستقل نہ کرنے کیخلاف گزشتہ روزاین جے وی کالج کے باہر احتجاج کیا گیا، احتجاجی اساتذہ نے بعد ازاں برنس روڈ پر دھرنا دیا، جنہیں منتشر کرنے کیلئے پولیس نے واٹر کینن، آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔پولیس کے تشدد سے متعدد اساتذہ زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے کئی مظاہرین کو بھی حراست میں لے لیا ، اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ انہوں نے اپنی قابلیت کی بنیاد پر این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کیا اس لئے انہیں مستقل کر کے ذہنی اذیت سے نکالا جائے۔اساتذہ کا موقف ہے کہ مستقل کرنے کے بجائے دوبارہ ٹیسٹ لے کر کنٹریکٹ بڑھانے کا کہا جا رہا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے، احتجاجی ٹیچرز نے کہاہے کہ ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو جیل بھرو تحریک شروع کی جائے گی۔