چارسدہ ،ضلع بھر میں لاؤڈ سپیکر ایکٹ کے تحت ڈی جی پر پابندی

چارسدہ ،ضلع بھر میں لاؤڈ سپیکر ایکٹ کے تحت ڈی جی پر پابندی

  

چارسدہ (بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور آفرید ی نے ضلع بھر میں لاؤڈ سپیکر ایکٹ کے تحت ڈی جے پر پابندی لگا دی ۔ مساجد اور مدارس میں خطبہ اور آزان کے علاوہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی لگائی جا سکتی ہے تو ڈی جے پر کیوں نہیں ۔ پولیس عوام کی جان و مال کی محافظ ہے ۔ جرائم کی روک تھام کیلئے عوام پولیس کا ساتھ دیں ۔ وہ ترناب میں کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز علامہ اقبال خان ،ایس ایچ او اسرار خان ،مولانا حزب اللہ جان ، ڈی آر سی ممبر شاہد خان ، بہرمند خان ایڈوکیٹ ،منتخب بلدیاتی نمائندے ، تاجر برادری اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ کھلی کچہری میں شرکاء نے دل کھول کر مسائل پر اظہار خیال کیا اور پولیس کی کار کر دگی میں بہتری لانے پر زور دیا ۔ کھلی کچہری سے خطاب کر تے ہوئے ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہو تا ہے ۔ عوام نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کو حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ تقریبا ایک ہزار مربع کلومیٹر پر محیط ہے جس کیلئے صرف 1300پولیس اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں مگر اس کے باوجود چارسدہ پولیس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں اور محدود وسائل کے باوجود عوام کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت ذمہ داری پوری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سماجی برائیوں کے خاتمہ کیلئے عمائدین علاقہ اپنی ذمہ داری پوری کرکے پولیس سے تعاون کریں ۔ انہوں نے کہاکہ سماجی برائیوں کی وجہ سے آئے روز قتل و اقدام قتل کے واقعات ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے ڈی آر سی اور روایتی پختون جرگہ کی اہمیت اجاگر کر تے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر تنازعات ڈی آرسی اور جرگہ سسٹم کے ذریعے حل کریں تاکہ تھانوں اور عدالتوں پر بوجھ کم ہو جائے ۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ہوائی فائرنگ اور سود خوری میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی صورت کوئی رعایت نہیں کی جائیگی ۔انہوں نے کہاکہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کے تحت ڈی جے پر پابندی لگا نے کا اعلان کر تے ہوئے واضح کیا کہ مساجد اور مدارس میں خطبہ اور آزان کے علاوہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی لگائی جا سکتی ہے تو ڈی جے پر کیوں نہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -