تاجربرادری نے ملکی تعمیر وترقی میں ہمیشہ مثبت کرداراداکیا،چوہدری تنویر
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا ہے کہ تاجر برادری نے ملکی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ، معاشی ترقی کے بغیر ملکی ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا ۔مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف ہی ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی سمت گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ جب ن لیگ کی حکومت آئی تو ملک دہشت گردی اور بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار تھا لیکن حکومتی پالیسیوں اور محنت سے حالات میں نمایاں بہتری آئی ۔سی پیک کا منصوبہ ہمارے ملک کے لئے بڑی نعمت ہے ۔ پوری زندگی کبھی عہدوں اور سیٹ کا لالچ نہیں رہا ،کارکنان کی بے لوث محبت ہی میرا اثاثہ ہے ۔ راولپنڈی میں تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور انہیں حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرونگا ۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری تنویر خان نے پاکستان کراکری مارکیٹ راجہ بازار کے نو منتخب عہدیدران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب حلف برداری میں پاکستان کراکری مارکیٹ کے نو منتخب صدر محمد طیب کریم ، نائب صدر چوہدری تنویر اسلم ،سیکرٹری جنرل عامر اصغر ، فنانس سیکرٹری محمد صادق بٹ ،انفارمیشن سیکرٹری احمد جاوید و دیگر نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ تقریب سے بیر سٹر چوہدری دانیال ، ملک شکیل اعوان ، حاجی پرویز ، ندیم شیخ ، شاہد غفور پراچہ ، ارشد اعوان، شرجیل میر،قادر میر و دیگر نے بھی خطاب کیا اور نو منتخب عہدیدران کو مبارکباد دی ۔ تقریب حلف برداری میں مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیدران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔