فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا،اقبال ظفرجھگڑا
پشاور(این این آئی)گورنرخیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ پاک فوج آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں پورے ملک میں باالعموم اور فاٹا میں باالخصوص80 فیصد سے زیادہ امن لوٹ آیا ہے۔ عارضی طورپر بے گھر قبائلی عوام کو دوبارہ اپنے علاقوں میںآباد کرادیاگیا ہے اورفاٹا میں ترقیاتی عمل کانئے سرے سے آغاز کردیاگیا ہے۔ فاٹامیں حالات سرمایہ کاری کیلئے سازگار ہیں۔سی پیک کے فوائد میں فاٹا کوبھی شریک کیاجارہاہے۔ بائیسویں سنیئر مینجمینٹ کورس کراچی کے شرکاء سے گفتگو میں گورنر نے کہاکہ حکومت فاٹا میں ایف سی آر کے خاتمے وہاں اصلاحات کے پیکج سمیت فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کرچکی ہے اور فاٹا کو ترقی وخوشحالی کے قومی دھارے میں شامل کیا جارہا ہے تاکہ وہاں سے پسماندگی دور ہو اور وہ بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کرسکے۔ گورنر نے شرکاء کے سوالوں کے تفصیلی جوابات دیئے اورملکی علاقائی اورعالمی حالات کے تناظر میں فاٹا کی اہمیت اجاگر کی۔