آبادی میں اضافہ اور انسانی وسائل کی ترقی پر کانفرنس

آبادی میں اضافہ اور انسانی وسائل کی ترقی پر کانفرنس

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاپولیشن سروسز انٹرنیشنل کے آزاد رکن، گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ نے لاہور میں منعقدہ اٹھارویں سالانہ پاپولیشن ریسرچ کانفرنس میں بطور اسپانسر شرکت کی جس کا مقصد آبادی میں اضافہ اور انسانی وسائل کی ترقی سے تعلق رکھنے والے مسائل پر غور کرنا تھا۔ کانفرنس کا انتظام پاپولیشن ایسو سی ایشن آف پاکستان نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے تعاون سے کیا تھا۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے دیگر اداروں میں دی یونائٹیڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ، پاپولیشن کونسل، میری اسٹوپس سوسائٹی، جان ہاپکنز یونیورسٹی کا ملحقہ ادارہ Jhpiego ، ہینڈز پاکستان، دی ڈیوڈ لوسائل پیکرڈ فاؤنڈیشن، رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک ، رہنما، جے ایس آئی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، برگارڈ آرگنائزیشن فار یوتھ ڈیویلپمنٹ اور امن فاؤنڈیشن شامل تھے۔’’پاپولیشن گروتھ اینڈ انویسٹنگ ان ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ‘‘ کے عنوان سے ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد خاندانی منصوبہ بندی کے اہداف کے حصول میں کمی پر پالیسی، اسکولوں نہ جانے والے بچوں، بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم اور یوتھ اسکلز ڈیویلپمنٹ پر توجہ کے ذریعے موجودہ اور آئندہ نسلوں میں سرمایہ کاری، صنفی مسائل کے حوالے سے صنفی تناسب میں کمی کے اثرات، اولڈ ایج سیکیورٹی کے لیے ادارتی حمایت اور انسانی وسائل کی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے وسائل کی فراہمی میں اضافہ کے بارے میں بات چیت تھا۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے گرین اسٹار مارکیٹنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، سید عزیز الرّب نے کہا، ’’2017میں ہونے والے مردم شماری ، جو تقریباً دو دہائیوں کے بعد ہوئی ہے، پاکستان کی آبادی میں تیزی سے ہونے والے اضافہ کے بارے میں تشویش کو سامنے لانے میں ناکام رہی ہے اور جس کا انسانی ترقی سے متعلق تشویش سے براہ راست تعلق ہے۔اس کانفرنس کے ذریعے ، ہمارا مقصد ، نہ صرف 2017کی مردم شماری سے پیدا ہونے والے چیلنجوں مثلاً آبادی میں اضافہ سے نمٹنا ہے بلکہ ایسے طریقے بھی تلاش کرنا ہے جن کی مدد سے انسانی وسائل کو ترقی دی جا سکے۔‘‘پاپولیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان آبادی کی بہتری کو تقویت دینے اور فروغ کرنے کے لیے 17سال سے کام کر رہی ہے اور ایسا فورم مہیا کرتی ہے جہاں موضوع کے ماہرین، آبادی کے حوالے سے سائنسی معلومات ، ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں سہولت اور آبادی و ترقی سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبوں میں تجربات میں ایک دوسرے کو شریک کر سکیں۔کانفرنس تین دن جاری رہے گی۔ تیسرے دن ایک یوتھ فیسٹیول بھی منعقد ہوگا جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کے لیے ترقی کے مواقع تلاش کرنا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -