وزیر اعظم کو ورکنگ پیپر پیش کرنے کا ڈرامہ سازش ہے :حاجی غلام علی ،ناصر مگوں

وزیر اعظم کو ورکنگ پیپر پیش کرنے کا ڈرامہ سازش ہے :حاجی غلام علی ،ناصر مگوں

  

کراچی(اکنامک رپورٹر ) ایف پی سی سی آئی انتخابات کے موقع پر برسر اقتدار گروپ کی جانب سے برآمدات بڑھانے کے لئے ورکنگ پیپر وزیراعظم کو پیش کرنے کا ڈرامہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو ایک بار پھر دھوکا دینے کی سازش ہے‘ گزشتہ تین برسوں سے برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے سے تجارتی عدم توازن کی تشویشناک صورتحال کے باوجود مفاد پرست ٹولے نے چپ سادھ رکھی ہے‘ اب اپنی شکست سامنے دیکھ کر مخالف ٹولے کو ملکی معیشت اور تاجروں کے مسائل یاد آگئے۔ ان خیالات کا اظہار بی ایم پی ۔ پی بی جی کے صدارتی امیدوار سینیٹر حاجی غلام علی‘ امیدوار سینئر نائب صدرناصر حیات مگوں نے مختلف تجارتی تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالف گروپ کی تاجر دشمن پالیسیوں نے صنعت و تجارت کے فروغ اور ترقی میں ہمیشہ رکاوٹیں پیدا کیں‘ ملکی معیشت کے فروغ اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اہل اور بے لوث قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن میں برسر اقتدار گروپ سے مایوس ہوکر ملک بھر کی بزنس کمیونٹی بی ایم پی۔پی بی جی رہنماؤں کو نجات دہندہ سمجھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل۔ پاکستان بزنس گروپ کی بے لوث قیادت ہی بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے‘ ذاتی مفاد اٹھانے والوں سے تاجر برادری عاجز آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر برادری اب کسی جھانسے میں نہیں آئے گی۔ انشاء اللہ 29 دسمبر کو ملک بھر کی بزنس کمیونٹی مفاد پرستوں کو مسترد کرکے بزنس مین پینل ۔پاکستان بزنس گروپ کو کامیاب کرائے گی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -