آئی فون ہیک کر کے ان لاک کرنے والا گروہ گرفتار

آئی فون ہیک کر کے ان لاک کرنے والا گروہ گرفتار

  

کراچی(کرائم رپورٹر ) پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کورنگی سے 3ملزمان کو گرفتار کرلیاہے جو چھینے ہوئے آئی فون کو ہیک کر کے کھولنے کے جرائم میں ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسمارٹ فون کی دنیا میں آئی فون کو محفوظ ترین فون سمجھا جاتا ہے کیونکہ اسے کوئی بھی شخص آسانی سے ان لاک نہیں کرسکتا کیونکہ موبائل کھولنے کے لیے ایپل آئی ڈی درکار ہوتی ہے۔سی پی ایل سی کورنگی اور محکمہ پولیس کو ایسے گینگ کی اطلاع موصول ہوئی جو چوری کیے ہوئے موبائل فون کو ہیک کر کے ان لاک کرنے کے غیر قانونی دھندے میں ملوث تھا۔ایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی کے مطابق چوری اور چھینے ہوئے موبائل فون ان لاک کرنے کی شکایات موصول ہوئیں تو ابتدائی طور پر مارکیٹوں سے معلومات حاصل کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ کورنگی پولیس اور سی پی ایل سی نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کیا جو آئی فون سمیت دیگر اسمارٹ فونز کو ان لاک کر کے مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے۔ایس ایس پیکورنگی کے مطابق ملزمان فون ان لاک کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں اور وہ چھینے ہوئے موبائل اپنے بنائے ہوئے سافٹ ویئر سے ان لاک کرتے تھے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سافٹ ویئر انجینئر سمیت تین افراد کو گرفتار کر کے چوری شدہ موبائل اور سافٹ ویئر بھی برآمد کرلیا جبکہ حراست میں لیے جانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -