کراچی، کارروائیاں ، 3 زخمی ڈاکوؤں سمیت 5ملزمان گرفتار ،

کراچی، کارروائیاں ، 3 زخمی ڈاکوؤں سمیت 5ملزمان گرفتار ،

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر )شہرقائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس نے مختلف واقعات میں تین زخمی ڈاکؤں سمیت 5ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ہے جبکہ نارتھ ناظم آباد سے تین دن پرانی لاش ملی۔تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود میں اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس نے مشکوک موٹرسائیکل کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے ڈیفنس کی گلیوں میں فرارہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔پولیس کے مطابق فائرنک کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس اہل کاروں نے موٹرسائیکل پر سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت آصف کے نام سے کرلی گئی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن میں شیشیہ کیفے پر چھاپہ مار کر دو افراد کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے تین حقے اور مختلف ذائقے کے تمباکو برآمد ہوئے۔ادھر نارتھ ناظم آباد سے تین دن پرانی لاش ملی جس کی شناخت صولت کے نام سے ہوئی ہے ، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر عباسی اسپتال منتقل کردیا ہے ۔ ڈیفنس میں فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے ملازم سے ڈکیتی کی کوشش گارڈ نے ناکام بنادی، گارڈ کی فائرنگ سے دو ڈاکو زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق ڈیفنس لائبریری کے سامنے موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے فشرمین کوآپریٹوسوسائٹی کے ملازم سلمان سے لوٹ مار کی کوشش کی۔ گھر میں موجود گارڈ نے ڈاکوؤں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس سے دونوں ڈاکو زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی ڈاکوؤں کو حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق سلمان نے بینک سے رقم نکلوائی تو ڈاکوؤں نے پیچھا کیا اور گھر کے قریب روک کر واردات کی کوشش کی۔