خطے کے تیزی سے بدلتے منظر نامے میں پاکستان بین الاقوامی سطح پر خصوصی اہمیت اختیار کر چکا : سردار تنویر الیاس

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر و سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہےکہ خطے کے تیزی سے بدلتے منظر نامے میں پاکستان بین الاقوامی سطح پر خصوصی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔نئے منظر نامے میں پاکستان کےلئےنئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر و سینئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز افغانستان کے ساتھ ساتھ کشمیر کی صورتحال پر بھی توجہ دیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے قوموں کے حق خود ارادیت کی قراداد کی متفقہ منظوری کشمیریوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ کشمیری اقوام متحدہ سے اسکی اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل وقت اور حالات کا تقاضا ہے، مسئلہ کشمیر کو حل نہ کیا گیا تو خطے میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گذشتہ سات دھائیوں سے زائد عرصہ سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیری عوام کا حق خود ارادیت بین الاقوامی طور پر مسلمہ ہے جس پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں جن پر کشمیری عملدرآمد کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے حق خودارادیت کی قرارداد پر دنیا کے تمام خطوں کے 72 ممالک نے حمایت کی ہے جس میں واضح طور پر غیر ملکی قبضے کے تحت تمام لوگوں کے حق خود ارادیت کی حمایت بھی شامل ہے، اس زمرے میں ہندوستان کے زیر قبضہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی شامل ہیں، کشمیریوں کو اس قرارداد کی منظوری سے ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کی منظوری پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔