اوآئی سی اعلامیہ خوش آئند، ریاست قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف فوری اقدام کرے 

  اوآئی سی اعلامیہ خوش آئند، ریاست قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف فوری ...

  

اسلام آباد(آئی این پی) اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان نے مطالبہ کیاہے کہ سانحہ سیالکوٹ  میں ملوث تمام ملزمان کو قانونی عمل کے ذریعے قررار واقعی اور فوری سزا دی جائے، اگر کوئی قانون ہاتھ میں لیتا ہے تو ریاست کو اس کے خلاف فوری اقدام کرنا چاہیے،ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد کے اسباب میں سے ایک سبب سوشل میڈیا پر ایسے مواد کی موجودگی اور تشہیر ہے جو اسلام، اسلامی عقائد اور نظریہ پاکستان کے خلاف ہیں۔ کونسل دیگر اداروں سے مل کر اس حوالے سے کام کر رہی ہے تاہم اس کے انسداد کے لیے مربوط حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل نے اسلام آباد میں اوآئی سی کے اجلاس کے انعقاد اور اعلامیہ کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اعلامیہ مطلوبہ نتائج کو بر لانے میں معاون ثابت ہوگا۔پیرکواسلامی نظریاتی کونسل کے  226 ویں خصوصی اجلاس کی صدارت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسلڈاکٹر قبلہ ایاز  نے کی۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ اسلامی نظریاتی کونسل کے226ویں خصوصی اجلاس اور ماہرین موضوع کے ساتھ ہونے والے برین سٹارمنگ سیشن/ فکری نشست میں سانحہ سیالکوٹ کو انتہائی قابلِ مذمت قراردیا گیا۔ کونسل نے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ میں ملوث تمام ملزمان کو قانونی عمل کے ذریعے قررار واقعی اور فوری سزا دی جائے۔اس اجلاس نے قرار دیا کہ پاکستانی حکومت نے اس مشکل صورت حال کو انتہائی دانش مندی کے ساتھ نمٹایا جس پر سری لنکن حکومت اور عوام نے اطمینان کا اظہارکیا۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے ملک عدنان کو سند توصیف اور تمغہ شجاعت دینے کا جو اعلان کیا اسے مستحسن اقدام قرار دیا۔کونسل نے فیصلہ کیا کہ متشتدانہ رجحانات کی وجوہات، اسباب اور انسداد کے لیے ماہرین موضوع کے ساتھ تسلسل سے فکری نشستوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ حکومت، ریاست،پالیسی ساز  اور قانون ساز اداروں کے سامنے طویل المعیاد اور جلد روبعمل لانے والی تجاویز اور آرا تشکیل دی جاسکیں اور عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے اسلام آباد میں OIC کے اجلاس کے انعقاد اور اعلامیہ کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اعلامیہ مطلوبہ نتائج کو بر لانے میں معاون ثابت ہوگا۔اجلاس میں ڈی پی او سیالکوٹ عمر سعید ملک نے شرکت کر کے سانحہ کی صورت حال اور تحقیقی و تفتیشی اقدامات سے تفصیلا ت آگاہ کیا۔

اسلامی نظریاتی کونسل

مزید :

صفحہ آخر -