(ن) لیگ نے مہنگے توانائی منصوبے لگائے، ہم نے سستے نرخوں پر ایل این جی درآمد کی: حماد اظہر
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سستے نرخوں پر ایل این جی درآمد کی،ہم سابقہ دور کی غلطیاں سدھار رہے ہیں، ہم نے قطر کے ساتھ سب سے سستے ریٹ پر ایل این جی کا معاہدہ کیا،مسلم لیگ (ن)نے مہنگے توانائی کے منصوبے لگائے، ملک میں بڑھتے گردشی قرضے بھی(ن)لیگ حکومت کا شاخسانہ ہیں،ماضی میں ایل این جی مہنگے داموں درآمد کی جاتی رہی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن)کے دو رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی اور ایک مرتبہ پھر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کاش مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت میں ان دو رہنماؤں کو کوئی تعلیم بالغان دیتا اور ان کو یہ سمجھاتا کہ نئے اور ضرورت سے زیادہ بجلی گھر لگانے سے پرانے بجلی گھروں کا کرایہ ختم نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت سے زیادہ جتنے بھی بجلی گھر لگائے جائیں گے تو پھر چاہے ان کو چلایا جائے یا نہ چلایا جائے ہر سال ان کا کرایہ ادا کرنا پڑے گا اور صارف پر اس کا بوجھ پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں بجلی گھروں کا کرایہ 180 ارب روپے تھا جو کہ مسلم لیگ (ن)کے کیے گئے مہنگے معاہدوں کیوجہ سے اب بڑھ کر 800ارب روپے سالانہ ہو چکا ہے جو آئندہ چند سالوں میں بڑھ کر 2500ارب روپے سالانہ تک پہنچ جائے گا۔
حماداظہر