خواجہ سراؤں کے مسائل حل کئے جائیں گے،مدثر ریاض ملک
لاہور(لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئرمدثر ریاض ملک نے ٹرانسجینڈرز کیلئے مخصوص کمیونٹی سینٹر پر کام جلد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ٹرانسجینڈرز کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی لائحہ عمل پر کام کر رہی ہے وہ اپنے آفس میں ٹرانسجینڈرز کی نمائندہ ماہ نور سے بات چیت کر رہے تھے۔ ماہ نور نے مدثر ریاض ملک کو ٹرانسجنیڈر کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ کیا اور چائلڈ پروٹکیشن پالیسی میں ٹرانسجینڈرز کو شامل کرنے کی درخواست کی۔
ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر مدثر ریاض ملک نے اس بات کو سراہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ماہ نور ٹرانسجینڈرز کمیونٹی کے مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار کر رہی ہیں۔ انہوں نے مختلف منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم کام ٹرانسجینڈر کمیونٹی کا ڈیٹا ہے کیونکہ درست اعداد و شمار کے ساتھ ہی درست پلاننگ ممکن ہے۔ ماہ نور نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر ٹرانسجینڈرز کے لئے خاطر خواہ کام کر رہا ہے۔ ٹرانسجینڈرکمیونٹی کو معاشرے میں مثبت کام کے لئے شامل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے تجویز دی کہ مجوزہ کمیونٹی سینٹر میں تعلیم یافتہ ٹرانسجینڈرز کو تعینات کیا جائے تاکہ انہیں اپنی کمیونٹی کی بہتر انداز میں خدمت کا موقع مل سکے۔