جنوبی پنجاب، سیکرٹریز کو کارکردگی بہتر کرنے کا حکم ورنہ ایکشن، ثاقب ظفر
ملتان ( سٹی رپورٹر) جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔سیکرٹریز کی کارکردگی کی جانچ آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جائے گی۔ مختلف محکموں کی کارکردگی بارے پرفارمنس انڈیکٹرز جاری کر دئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی زیر صدارت ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے تمام (بقیہ نمبر21صفحہ6پر)
ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کو اپنے محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے متحرک ہونے کی ہدایت کی اور کہا کہ بہتر کارکردگی نہ دکھانیوالے سیکرٹریز کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔انہوں نے ہدایت کی تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز مکمل آزادی، ایمانداری اور موثر انداز میں فرائض سر انجام دیں،عوام کے مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کریں اور سروس ڈیلیوری کو بہت بنائیں۔اس کے علاوہ سیکرٹریز اپنے ماتحت محکموں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں کی کارکردگی چیک کریں۔ کیپٹن ر ثاقب ظفرنے کہا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے جدت لائیں اور پالیسی فریم ورک وضح کریں۔انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور آگے بڑھنے کے لئے ہر محکمہ کے اہداف مقرر کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام محکموں کی کارکردگی کو پنجاب کے دیگر اضلاع سے بہتر بنانا ہمارا ٹارگٹ ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن،انسداد ڈینگی اور پولیو مہم کو مزید موثر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں اور مراکز صحت کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے،اساتذہ کی حاضری، بچوں کے سکولوں میں داخلہ کی شرح کا صحیح ڈیٹا تیار کیا جائے گا اور سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، چاردیواری اور،ٹائلٹ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں ہر یونین کونسل میں دس ہزار آبادی پر ''صحت گھر'' کے نام سے مراکز صحت قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے رحیم یار خان اور مظفر گڑھ میں ماڈل پراجیکٹ پر عمل جاری ہے۔اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے سکولوں میں پینے کا صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے اپر پنجاب کے اضلاع سے آگے ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے ضلع لیہ جنوبی پنجاب میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ سی ای او سکور کے لحاظ سے ضلع ڈی جی خان اور بہاولنگر کی کارکردگی ماہ اکتوبر میں سب سے بہتر رہی۔