انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کی ذمہ داری پوری کردی:بیرسٹر محمد علی سیف

انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کی ذمہ داری پوری کردی:بیرسٹر محمد علی سیف

  

    پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے پرامن اور شفاف بلدیاتی انتخابات کی ذمہ داری پوری کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی ذاتی کوششوں اور ہدایات کی روشنی میں انتخابی عمل احسن طریقے سے انجام پایا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا قومی الیکشنز پر کوئی براہ راست اثر نہیں ہوتا۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے تاریخ میں پہلی بار ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرایا ہے۔ پہلے مرحلے کے 17 اضلاع میں خیبر، مہمند اور باجوڑ بھی شامل ہیں اور بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے میں دیگر اضلاع میں بھی انتخابات منعقد ہوں گے۔ یہ ایک تاریخ ساز لمحہ ہو گا کہ قبائلی اضلاع میں بھی اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا اور مضبوط مقامی حکومت وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ تحصیل کی سطح پر براہ راست ووٹ سے منتخب نمائندوں کو اختیارات منتقل ہو رہے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ آزاد اور دیگر جماعتوں کے امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے امیدواراوں کی جانب سے کم ووٹ لینے کی وجہ کئی نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کے مقابلے میں پارٹی کے ہی حامیوں کا الیکشن لڑنا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ چونکہ بلدیاتی انتخابات علاقائی مسائل، برادری، خاندان اور ذاتی اثر رسوخ کی بنیاد پر لڑے جاتے ہیں اس لیے ان انتخابات کے نتائج کا کسی جماعت کی مقبولیت یا قومی الیکشنز پر کوئی براہ راست اثر نہیں ہوتا۔ انہوں نے انتخابات سے قبل ہی اپوزیشن جماعتوں کے دھاندلی کے واویلے کو بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر صوبائی حکومت انتخابات پر اثر انداز ہوتی تو اپوزیشن کے امیدوار کیسے کامیاب ہوتے؟ تاہم اب اپوزیشن کے جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کو عوام نے بھی دیکھ لیا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے انتخابات کے لیے سازگار سیاسی ماحول اور بہترین انتظامات کیے۔ حکومت نے ہمیشہ سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال ملک اور عوام کے مفادات کو مقدم رکھا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -