ڈیرہ،بلدیاتی انتخابات،تحصیل کونسلر کی نشستوں پر حکمران پارٹی کو شکست

ڈیرہ،بلدیاتی انتخابات،تحصیل کونسلر کی نشستوں پر حکمران پارٹی کو شکست

  

     ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ڈیرہ اسماعیل خان میں تحصیل کونسلز کے انتخابی نتائج میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور صوبائی وزیر فیصل امین گنڈہ پور، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شیخ یعقوب کے حامی شکست کھا گئے۔ وفاقی وزیر کی جانب اپنے حامیوں کی کامیابی اور مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرانے کے حوالے سے بلند بانگ دعوے کئے گئے تھے اور مخالفین کو کامیابی کی صورت میں محکمہ بلدیات کے دفاتر میں اپنے بھائی صوبائی وزیر بلدیات ہونے کے ناطے داخل نہ ہونے دینے کی دھمکیاں بھی دی تھیں تاہم جب انتخابی نتائج سامنے آئے تو صورتحال یکسر مختلف دکھائی دے رہی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور میں پیپلز پارٹی کے مخدوم زادہ سید الطاف حسین شاہ کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے اور جیتنے والے امیدوارسے تقریبا اٹھارہ ہزار ووٹ پیچھے رہے۔ تحصیل درابن میں جے یو آئی کے حمایت یافتہ جماعت اسلامی کے امیدوار احسان اللہ خان میاں خیل اپنے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار کو تقریبا چھ ہزار کی لیڈ سے شکست دیکر کامیاب ہوئے۔ تحصیل کلاچی میں علی امین مخالف گروپ کے سردار آریز خان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے۔ تحصیل پروآمیں پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار فخراللہ میاں خیل کامیاب ہوئے یہاں بھی بلند بانگ دعوں کے علمبردار تحریک انصاف کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔ ضلع ٹانک میں بھی جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار صدام حسین بیٹنی جنہیں پی پی پی کی بھی حمایت حاصل تھی اور پہلی مرتبہ الیکشن لڑ رہے تھے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ویلیج کونسل کی چیئرمین شپ پر بھی حیران کن نتائج آئے۔ تاہم تحریک انصاف کے خرم شہزاد، چوہدری شفیق، اشفاق چغتائی، جمشید مغل،جمعیت علمائے اسلام کے ملک زین ڈار، حافظ محمد عادل، شیخ اکمل انتخابی نتائج میں حیران کن کامیابی حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ تحصیل درابن اور پروآ سے کامیابی کے بعد میاں خیل ہاس ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی جشن کا سماں تھا۔شہری فتح اللہ خان میاں خیل اور قیضار خان میاں خیل کو مبارکبادیں دیتے اور ہار پہناتے دکھائی دیئے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -