چارسدہ میں بھی جمعیت 2 تحصیلوں پر کامیاب قرار
چارسدہ (بیورورپورٹ)جے یو آئی نے چارسدہ میں میدان مار لیا۔تین تحصیلوں میں دو پر کامیابی حاصل کی۔مزدور کسان پارٹی کے سالار فیاض علی تحصیل تنگی کے چیئرمین منتخب۔ پی ٹی آئی،اے این پی اور قومی وطن پارٹی تحصیل چیئرمین کی کوئی سیٹ حاصل نہ کر سکی۔تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی نے تحصیل چارسدہ اور تحصیل شبقدر کی چیئر مین کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ضلع چارسدہ کے تینوں تحصیلوں کے چیئرمین شپ کیلئے مختلف پارٹیوں اور آزاد سمیت 31امیدوار مدمقابل تھے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحصیل چارسدہ میں جے یوآئی کے امیدوار مفتی عبدالرؤف شاکر 78212ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہو گئے جبکہ دوسرے نمبر پر اے این پی کے تیمور خٹک 45630ووٹ حاصل کئے۔ تحصیل شبقدر میں بھی جے یوآئی کے حمزہ آصف 33244ووٹ لیکر تحصیل شبقدر کے چیئر مین منتخب ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے شاہد اللہ خان نے 14416ووٹ حاصل دوسری پوزیشن حاصل کی۔ضلع چارسدہ کے تیسرے تحصیل تنگی کے چیئر مین شپ کیلئے مزدور کسان پارٹی، جے یوآئی اور قومی وطن پارٹی کے امیدواروں کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ مزدور کسان پارتی کے سالار فیاض علی نے 14179ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر قومی وطن پارٹی کے یحی جان مہندنے 13705جبکہ جے یوآئی کے حاجی دانشمند 13537ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر ہے۔