ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر نواز شریف نے پیغام جاری کردیا

ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر نواز شریف نے پیغام جاری کردیا
ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر نواز شریف نے پیغام جاری کردیا
سورس: File

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ماہر امراضِ خون ڈاکٹر طاہر  شمسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم نے کہا " پاکستان کے نامور معالج ڈاکٹر طاہر شمسی کے انتقال پر دلی رنج ہوا۔ ان کی موت سے پاکستان طِب کے شعبے میں ایک بڑے ماہر سے محروم ہو گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائیں اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔ آمین۔"

خیال رہے کہ ڈاکٹر طاہر  شمسی کو 17 دسمبر کو برین ہیمرج ہوا جس کے بعد انہیں کراچی کے نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں  زیر علاج رکھا گیا تاہم وہ  منگل کے روز جہانِ فانی سے کوچ کرگئے۔ ڈاکٹر طاہر شمسی نے 1996 میں پاکستان میں بون میرو ٹرانسپلانٹ متعارف کروایا ۔ انہوں نے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے 650 آپریشن کیے اور 100 سے زیادہ تحقیقی مضامین بھی لکھے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف جب علیل ہوئے تھے تو اس وقت انہیں کراچی سے خصوصی طور پر لاہور بلایا گیا تھا۔ کورونا وائرس کے خلاف  ویکسین بننے سے پہلے بھی انہوں نے کافی کام کیا اور پلازمہ تھراپی متعارف کرائی جس سے بہت سے مریضوں کو فائدہ ہوا۔

سنہ 2011 میں ڈاکٹر طاہر شمسی نے خون سے متعلق بیماریوں کے علاج کے لیے نیشنل انسٹیٹیوٹ فار بلڈ ڈیزیزز قائم کیا۔ وہ این آئی بی ڈی میں سٹیم سیل پروگرام کے ڈائریکٹر اور رائل کالج کے پیتھالوجسٹ فیلو بھی تھے۔ ڈاؤ گریڈیٹس ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا نے ڈاکٹر طاہر شمسی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں 2016 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔

مزید :

قومی -