بنگلور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے سابق کرکٹر رابن اُتھپا کے خلاف ایک ملبوسات کی کمپنی کے غریب ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ کے واجبات کے سلسلے میں دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ انہیں 27 دسمبر تک تقریباً 24 لاکھ روپے کی واجب الادا رقم ادا کرنے کا وقت دیا گیا ہے، بصورت دیگر انہیں گرفتار کیا جائے گا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق رابن اُتھپا بنگلور میں قائم سینٹورس لائف سٹائل برینڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر ہیں۔ کمپنی نے پراویڈنٹ فنڈ کے واجبات کی مد میں تقریباً 23 لاکھ 36 ہزار روپے ادا نہیں کیے، یہ رقم سابق کرکٹر سے وصول کی جانی ہے۔
وارنٹ کے مطابق 39 سالہ سابق بلے باز پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں سے پراویڈنٹ فنڈ کے لیے رقم تو کاٹی لیکن اسے ان کے اکاؤنٹس میں جمع نہیں کروایا۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اُتھپا کو گرفتار کریں اور وارنٹ 27 دسمبر سے پہلے واپس جمع کرائیں۔
دوسری جانب سابق کرکٹر کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ اس کمپنی کے ڈائریکٹر تھے لیکن انہوں نے اس کے انتظامی معاملات میں کوئی فعال کردار ادا نہیں کیا۔ وہ اپنے کرکٹ کریئر کی وجہ سے مصروف تھے جس کی وجہ سے انہوں نے کچھ سال پہلے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے باوجود پراویڈنٹ فنڈ اتھارٹیز کی طرف سے ان کے وارنٹ جاری کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قانونی ٹیم اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور جلد ہی یہ مسئلہ حل کرلے گی۔
رابن اُتھپا نے بھارت کے لیے 59 بین الاقوامی میچز کھیلے ہیں اور وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے مشہور کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 1,183 رنز بنائے ہیں، جن میں سات نصف سنچریاں شامل ہیں۔