ڈاکٹر اور بیمار کے درمیان اعتماد کا رشتہ اہم ہے، صحت مند جسم تخلیقی ذہن کی ضمانت ہے: وزیراعظم نواز شریف

ڈاکٹر اور بیمار کے درمیان اعتماد کا رشتہ اہم ہے، صحت مند جسم تخلیقی ذہن کی ...
ڈاکٹر اور بیمار کے درمیان اعتماد کا رشتہ اہم ہے، صحت مند جسم تخلیقی ذہن کی ضمانت ہے: وزیراعظم نواز شریف

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جدید دور میں میڈیکل شعبے کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے ، صحت مند انسان معاشرے کی ترقی میں فعال کردار ادا کرتا ہے ، ڈاکٹر اور بیمار کے درمیان اعتماد کا رشتہ اہم ہے اور اسے مضبوط کرنا بہت ضروری ہے ۔ لاہور میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اسلام میں حقوق العباد پر زور دیا گیا ہے ، مخیر حضرات دکھی انسانت کی خدمت کیلئے آگے بڑھیں، یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ بہتر زندگی گزارنے کیلئے صحت مند جسم کا ہونا لازمی ہے کیونکہ صحت مند انسان کی نہ صرف عمر لمبی ہوتی ہے بلکہ مضبوط جسم کی بدولت معاشرے کی ترقی میں کارآمد شہری کا کردار ادا کرتا ہے ۔ اس امر کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت صحت کی سہولیات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے مکمل وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، مقابلے کے اس دور میں وہی کامیاب قومیں ہیں جو ملک کی ترقی کیلئے کام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز سمیت تمام شعبے سے منسلک افراد اپنے فرائض کو ایمانداری سے نبھائیں اور انسانی خدمت کیلئے بہترین خدمات پیش کریں کیونکہ اسی میں دین اور دنیا کی بھلائی ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علم کے حصول کی جستجو اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہے لیکن خواہش ہے کہ آپ سب سے بڑھ کر اچھے انسان بن کر ابھریں، کھیل محض تفریح نہیں بلکہ یہ ٹیم ورک اور مل جل کر کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ، ’میں خود بھی کرکٹ کھیلتا رہا ہوں اور اب بھی بہت لگاﺅ ہے اور مجھے کھیل صرف اس لئے پسند نہیں کہ یہ صحت مند رکھتا ہے بلکہ یہ قابل قدر مقابلے کا موقع فراہم کرتی ہے اور عمدہ کردار کی ضمانت ہے ‘۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحت مند جسم ہی تخلیقی ذہن کو پروان چڑھا سکتا ہے ، میں آج کے ان تمام ہونہار طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، امید ہے کہ طلبہ اسی جذبے سے محنت جاری رکھیں گے اور اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی نیک نامی کا باعث بنیں گے۔

مزید : لاہور /اہم خبریں