غیر قانونی نظربند پارٹی رہنماء کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں و کشمیر نے سرینگرسینٹرل جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند پارٹی کارکن فیاض احمدکی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسلسل آٹھ سال سے نظربند ہیں اوران کی گرتی ہوئی صحت کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جارہا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیا کہ ان کی بگڑتی ہوئی حالت کے باوجود۔انہیں مناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نظربندی کے دوران ان کا ایک گردہ فیل ہونے کی وجہ سے نکال دیا گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ علاج معالجے کی عدم فراہمی کی وجہ سے ان کے پورے جسم میں سوجھن پیدا ہونے سے خدشہ ہے کہ ان کا دوسرا گردہ بھی شاید متاثر ہوسکتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ فیاض پر مسلسل کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں سیاسی انہیں انتقام کانشانہ بنارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ فیاض احمد کے اہلخانہ نے بھی ان کی زندگی سے متعلق شدیدخدشات ظاہر کئے ہیں کہ اگر انہیں فوری طورپر رہا نہ کیا گیا تو انکے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے ۔انہوں نے فیاض احمد کو طبی بنیادوں پر رہا ئی پر زوردیا تاکہ ان کا مناسب علاج و معالجہ کرایا جاسکے ۔
