فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس آج تہران میں شروع ہو گی

فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس آج تہران میں شروع ہو گی

  

تہران(اے پی پی) ایران کے دارلحکومت تہران میں فلسطین کی حمایت میں 2 روزہ چھٹی بین الاقوامی کانفرنس آج شروع ہو گی۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں چھٹی کانفرنس کے ترجمان کاظم جلالی نے کہا ہے کہ فلسطین کی حمایت میں2 روزہ کانفرنس آج سے شروع ہو گی جس میں دنیا کے 80 ملکوں کے 7سو غیر ملکی مہمان شرکت کریں گے۔انھوں نے فلسطین کی حمایت میں تہران کانفرنس کے پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سپیکروں، ڈپٹی سپیکروں، خارجہ پالیسی و سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیشنوں کے چیئرمین، اہم مجاہد و ممتاز شخصیات، این جی اووز اور فلسطین کے حامی گروہوں کی سطح پر تہران میں یہ کانفرنس، فلسطین کی حمایت میں سب ایک ساتھ کے زیرعنواں منعقد ہو رہی ہے۔

کاظم جلالی نے کہا کہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے خطاب کے علاوہ اختتامی بیان جاری کیا جائے گا اور چار طرفہ کمیٹیوں کی رپورٹ پڑھ کر سنائی جائے گی اور بعض مزاحمتی گروہوں اور مفکرین کی قدردانی بھی کی جائے گی۔انھوں نے فلسطین کی حمایت میں تہران کانفرنس کا ایک مقصد،عالم اسلام کی توجہ مسئلہ فلسطین کی طرف مبذول کرانا قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کی جانب سے فرقہ واریت اور مذہبی تنازعات سے دوری اختیار کئے جانے کی ضرورت ہے تاکہ ان میں اتحاد و یکجہتی پیدا ہو اور وہ صیہونی حکومت کا مقابلہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا ایک اور مقصد بیت المقدس پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ صیہونی حکومت کے جرائم اور مقبوضہ علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کرنا قرار دیا۔

مزید :

عالمی منظر -