لاہور میں صوبائی سطح کے میلہ مویشیاں کے انعقاد کا فیصلہ

لاہور میں صوبائی سطح کے میلہ مویشیاں کے انعقاد کا فیصلہ

  

فیصل آباد(بیورورپورٹ ) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ذرائع نے بتایاکہ صوبہ بھر میں اعلیٰ نسل کے جانوروں ، مویشیوں ، پرندوں کو متعارف کروانے کیلئے لاہور میں صوبائی سطح کے میلہ مویشیاں کے انعقاد کافیصلہ کیا گیا ہے اور بتایاگیاہے کہ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام جلد صوبائی ہیڈکوارٹر لاہور پر مذکورہ میلہ کا اہتمام کیاجائیگاجس میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ کے تمام 9ڈویژنز لاہور ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، سرگودھا،ساہیوال ،ملتان ، بہاولپور، ڈی جی خان سے اعلیٰ نسل کی گائیوں ، بھینسوں ، اونٹوں ، گھوڑوں ، بھیڑوں ، بکریوں ، مرغوں ، مرغیوں اور دیگر پرندوں کے درمیان خوبصورتی ، صحت ، گوشت ، دودھ کی پیداوار کے مقابلے کابھی انعقاد کیاجائیگا

اور شاندار کارکردگی کے حامل جانوروں ، مویشیوں ، پرندوں کے مالکان کو پرکشش انعامات دیئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایاکہ گوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے اعلیٰ نسل و اوصاف کے حامل بکروں و چھتروں کی مویشی پال حضرات کو مفت فراہمی بھی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مختلف اضلاع میں ضلعی سطحوں پر مویشی میلوں کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جس سے مویشی پال حضرات ، زمینداروں ، کسانوں ، کاشتکاروں میں مقابلہ بازی کے رجحان کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے بتایاکہ کسانوں کو فراہم کئے جانیوالے پولٹری یونٹس میں بہترین نسل کی 5مرغیاں اور ایک مرغاشامل ہوگا جس سے بہترین نسل کے انڈے اور بچے حاصل کرکے پولٹری کی گھریلو صنعت کو بھی فروغ دیاجاسکے گا۔

مزید :

کامرس -