اسلام آباد چیمبر کا کار ڈیلروں کیلئے الگ جگہ الاٹ کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد چیمبر کا کار ڈیلروں کیلئے الگ جگہ الاٹ کرنے کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر کے صدر خالد اقبال ملک نے سی ڈی اے کے چیئرمین اور اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں کار ڈیلروں کیلئے ایک الگ جگہ الاٹ کرنے پر غور کریں تاکہ مارکیٹوں میں مسائل کم ہوں اور اس کاروبار کو بہتر فروغ ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ایٹ مرکز اسلام آباد کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے نومنتخب صدر راجہ خرم نیاز کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں گاڑیوں کا کاروبار کرنے والوں کیلئے ان کی ضرورت کے مطابق الگ جگہ مختص کی جاتی ہے لیکن اسلام آباد میں ایسا کوئی بندوبست نہیں ہے جس کی وجہ سے کار ڈیلر مجبوراً مارکیٹوں میں کاروبار کر رہے ہیں جس سے پارکنگ سمیت دیگر مسائل پید اہوتے ہیں ۔ خالد اقبال ملک نے کہا کہ جی ایٹ مرکز اسلام آباد کا ایک تجارتی مرکز ہے لیکن کئی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے جی ایٹ مرکز سمیت تمام تجارتی مراکز کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے ایک نئی حکمت عملی وضع کرے اور چیمبر سمیت متعلقہ مارکیٹ یونینوں کی مشاورت کے ساتھ یہ عمل مکمل کیا جائے۔


اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک اور نائب صدر طاہر ایوب نے اپنے خطاب میں جی ایٹ مرکز کی یونین کے وفد کو یقین دلایاکہ چیمبر ان کے اہم مسائل کو حل کرانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی ایٹ مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر راجہ خرم نیاز نے اپنے مرکز کے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1997میں سی ڈی اے نے کاروں کا کاروبار کرنے والوں کیلئے ایک الگ جگہ مختص کرنے کیلئے اصولی طور پراتفاق کر لیا تھا اور اس سلسلے میں ایک فائل بھی چلائی گئی تھی لیکن اس کے بعد یہ عمل تعطل کا شکار ہو گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے اسی پرانی تجویز پر دوبارہ کام شروع کرے اور کار ڈیلروں کیلئے ان کی ضرورت کے مطابق اسلام آباد میں ایک الگ جگہ مختص کرے تاکہ مارکیٹوں سے اس کاروبار کو مختص جگہ پر منتقل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایٹ مرکز میں سڑکوں و فٹ پاتھ ، سڑیٹ لائٹس، فلٹریشن پلانٹ اور پبلک باتھ رومز سمیت دیگر سہولیات کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے جبکہ کار پارکنگ کے مسائل سنگین ہیں۔ انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ جی ایٹ مرکز میں جلد ترقیاتی کام کا آغاز کرے تا کہ مسائل حل ہونے سے کاروبار کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم دستیابی اس وقت تاجر برادری کیلئے سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے جس وجہ سے کرایہ داری کے تنازعات بڑھتے جا رہے ہیں لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد میں جلد از جلد ایک متوازن قانون کرایہ کا نفاذ یقینی بنائے۔ جی ایٹ مرکز اسلام آباد کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب سینئر نائب صدر راجہ نوید ستی، جنرل سیکرٹری وسیم عباسی اور گروپ چیئرمین اعجاز عباسی سمیت خالد چوہدری، سردار عابد، محمد نوید ملک، فرمان پراچہ، قاضی محمد الیاس ، شیخ عامر وحید اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور سی ڈی اے سے تجارتی مراکز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزید :

کامرس -