ریڈیو اسٹیشن میں جنگلی حیات کی اہمیت اور تحفظ کے موضوع پر ورکشاپ
لاہور (فلم رپورٹر) ریڈیو پاکستان لاہور کے ٹریننگ ، ریسرچ اینڈ پلاننگ پُول کے زیرِ اہتمام پی بی سی لاہور کے نورجہاں آڈیٹوریم میں ایک ورکشاپ منعقد کی گئی۔جس کا انعقادور ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ(WWF) کے تعاون سے جنگلی حیات کے عالمی دن کی مناسبت سے کیا گیا تھا جو 3مارچ کودنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ ورکشاپ میں سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان لاہور سید خالد وقار، ڈپٹی کنٹرولر پروگرام انیلہ سلیم سمیت تمام پروگرام اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔جنگلی حیات کی اہمیت اور اس سے متعلق اہم موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ(WWF) پاکستان کے منیجر ریسرچ اینڈ کنسرویشن، محمد جمشید اقبال چوہدری نے کہاکہ ایک صحت مند ماحولیاتی نظام کے قیام میں جنگلی حیات کلیدی کردر ادا کرتی ہے۔دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ، ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ کے باعث جانوروں، پرندوں، حشرات الارض اور نباتات کی بیشتر اقسام معدوم ہو چکی ہیں جبکہ بہت سی مفید اقسام کو معدوم ہونے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔پاکستان میں جنگلی حیات کی صورتِ حال پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ موسمی اور جغرافیائی اعتبار سے پاکستان جنگلی حیات کی نشو ونما کے لئے نہایت موزوں ہے ۔
مگر یہاں پائی جانے والی جنگلی حیات کے حوالے سے موجود قوانین پر مناسب عملدرآمد نہ ہونے کے باعث بے شمار اقسام کے نباتات و جمادات بھی معدوم ہوتے چلے جارہے ہیں جنہیں فوری طور پر تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔اس ضمن میں انہوں نے ریڈیو پاکستان کے پروگرام اسٹاف سے درخواست کی کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں مفید معلومات کو اپنے پروگراموں کا حصہ بنائیں کیونکہ ریڈیو پاکستان نے عوام الناس میں آگاہی بیدار کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ورکشاپ کے اختتام پر اسٹیشن ڈائریکٹر خالد وقار نے یقین دلایا کہ ریڈیو پاکستان اپنی روایات کے مطابق جنگلی حیات اور ماحولیاتی نظام میں اس کی اہمیت کے حوالے سے عوام الناس میں شعور بیدار کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
