موسم کی تبدیلی ، ڈینگی مچھر سراٹھانے لگا ، محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم

موسم کی تبدیلی ، ڈینگی مچھر سراٹھانے لگا ، محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی کی افزائش کا سیزن شروع ہو گیا ہے لہذا تمام متعلقہ محکمے ڈینگی کی روک تھام کے لئے کمر کس لیں اور ڈینگی آؤٹ ڈور اور انڈور سرویلنس اور دیگر اقدامات طے شدہ SOPs کے مطابق بھر پور طریقہ سے شروع کر دئیے جائیں ۔ انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ محکمہ صحت کے سینئر افسران سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے شرکت کی ۔ شیخوپورہ ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، راولپنڈی ، اٹک ، ملتان و دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا اور اپنے اپنے ضلع میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے شروع کئے گئے اقدامات اور تیاریوں سے آگاہ کیا ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فرخ سلطان نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال ، ڈاکٹرز ، عملہ کی تربیت ، سپرے پمپس ، فوگنگ مشینوں اور سپرے میں استعمال ہونے والے کیمیکلز کی دستیابی اور سٹاک پوزیشن بارے بریفنگ دی ۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا بھی اجلاس طلب کیا جائے تاکہ ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج معالجہ کے انتظامات کا جائزہ لے کر اطمینان کیا جا سکے ۔ انہوں نے ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے ذریعے نئے ڈاکٹرز اور نرسز کو کیس مینجمنٹ کی ٹریننگ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نجی ہسپتالوں کے سٹاف کی بھی تربیت کی جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس اور روک تھام کے لئے وسائل اور سٹاف کی ضروریات سے فوری طور پر آگاہ کر دیں تاکہ محکمہ خزانہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کر کے فنڈز کے اجراء اور سٹاف فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ قبرستانوں ، کباڑ خانوں اور تعمیراتی جگہوں کی سرویلنس خصوصی طور پر کی جائے ۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے اجلاس کو بتایا کہ موسم میں تبدیلی کے ساتھ رات کا درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا ہے جو مچھر کی افزائش کے لئے نہایت موزوں ہے لہذا ڈینگی کنٹرول کے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ گذشتہ سال کے اقدامات کو پیش نظر رکھ کر مائیکرو پلاننگ کی جائے اور گیپس کودور کیا جائے تاکہ رواں سال مزید بہترانداز میں ڈینگی کی روک تھام کی جاسکے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -