مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کے فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہونے لگے ، غلط تحریروں کے ساتھ پوسٹ کیا جانے لگا
لاہور(دیبا مرزا سے) مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کے فیس بک اکاؤنٹ مبینہ طورپر ہیک ہونے کا انکشاف ۔ان خواتین کے اکاؤ نٹ سے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے ساتھ مختلف تقاریب کی تصویروں کو پوسٹ کیا جارہا ہے اور ان تصاویروں کے نیچے نازیبا کلمات بھی لکھے جا رہے ہیں جن خواتین کے یہ اکاؤنٹ استعمال ہورہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ہمارے اکاؤنٹس کو ہیک کر لیا گیا ہے دوسری جانب اس قسم کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے شعبہ خواتین اور خواتین ارکان اسمبلی کے اندر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے یہاں پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سال 2008کے الیکشن کے بعد جن خواتین کو ارکان اسمبلی منتخب ہونے کا موقع ملاتھا ان کی اسمبلی کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی تصاویر کو بھی مبینہ طور پر غلط استعمال کیا جانے لگا تھا ۔مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کے اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کی خبر شعبہ خواتین کے اندر ایک ٹاک آف دی ٹاؤن بن کررہ گئی جبکہ اس خبر کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی بھی پارٹی کی کسی بھی خواتین کے ساتھ تقاریب کے دوران تصاویریں بنوانے سے کنی کترانے لگے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی رہنما زاہدہ اظہر کے فیس بک اکاؤنٹ کو مبینہ طور پر ہیک کر لیا گیا ہے اور ان کے اکاؤنٹ سے ان کی ارکان اسمبلی کے ساتھ تصاویروں کو مختلف رنگ دیکر اور ان کے نیچے مختلف نازیبا کلمات لکھ کر انہیں ری پوسٹ کیا جانے لگا ہے ۔اس سلسلے میں زاہد ہ اظہر کا ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا اکاؤنٹ کسی نے ہیک کر لیا ہے اور ہیک کرنے والا شخص ہی میرے اکاؤنٹ کو غلط استعمال کررہا ہے تاہم میں نے اس کے بارے میں اپنے قریبی دستوں کو آگاہ کردیا ہے۔