پاکستان میں فائنل سے کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا،سابق کرکٹرز

پاکستان میں فائنل سے کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا،سابق کرکٹرز

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی جیت ہے اور اس سے پاکستان میں کرکٹ کو بہت فائدہ حاصل ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے کیا رمیز راجہ نے کہا اس فیصلے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی جس کا شائقین شدت سے انتظار کررہے ہیں اور کسی بھی کھلاڑی کو پاکستان میں کھیلنے سے اب کوئی ڈر نہیں ہے۔ ہم ان کو فول پروف سیکیورٹی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پوری قوم کی آواز ہے اور اس سے پورے پاکستان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے با لخصوص لاہور یوں میں اس حوالے سے پائی جانے والی خوشی یقینی طور پر ناقابل بیان ہے کیونکہ شائقین کافی عرصہ سے اپنے ملک میں میچ دیکھنے کا خواب دیکھ رہے تھے جو اب پوراہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی نے جس طرح سے اس فیصلے میں اپنا کردار ادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اور ان کی کرکٹ سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عامر سہیل نے کہا کہ یہ پی سی بی کاایک اچھا فیصلہ اور ایک بہت بڑا امتحان ہے، امید ہے کہ فائنل خیر و عافیت سے ہوجائے گا۔ سکندر بخت نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا سب سے بڑا میچ لاہور میں ہورہا ہے اور اس لیگ کے کروانے کا مقصد پورا ہوگیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے جو کہا تھا وہ اس پر پورا اترے ہیں اس سے نہ صرف پاکستان میں کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا امیج بھی بہت بہتر ہوگا۔ محمد یوسف نے کہا کہ شائقین کو جس وقت کا انتظار تھا وہ قریب آگیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے،بلاشبہ یہ ایک مشکل مگر وقت کے مطابق بہت اچھا فیصلہ ہے اور پوری دنیا میں اس کو بہت سراہا جائے گا اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے جسے یادرکھا جائے گا۔ شائقین کرکٹ بھرپور انداز میں فائنل میچ انجوائے کریں گے اور یہ ایک یادگار میچ ثابت ہوگا۔

سابق کرکٹرز

مزید :

صفحہ اول -