پنجاب میں کرپشن کرنیوالوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ، ذمہ دار سزا سے نہیں بچ پائینگے : شہباز شریف

پنجاب میں کرپشن کرنیوالوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ، ذمہ دار سزا سے نہیں بچ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ڈی جی اینٹی کرپشن کی جانب سے پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے امور میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن کی اراضی اور جائیدادوں میں بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن کو تحلیل کرنے اور چیئرمین پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن اور دیگر بورڈ ممبران کو فی الفور معطل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کا ادارہ قانون کے تحت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے اور جن افراد نے بے ضابطگیاں کی ہیں ان کے خلاف قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن کے مکمل آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں بہترین فرم کا انتخاب کرکے فوری آڈٹ شروع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کوآپریٹوز بورڈ فار لکویڈیشن کا نیا بورڈ جلد تشکیل دیا جائے اور بورڈ کی فی الفور تنظیم نو کی جائے۔ انہو ں نے کہا کہ بورڈ کے زیر ملکیت قیمتی اراضی کو فروخت کرنے کیلئے قانونی تقاضوں کو بالائے طاق رکھا گیا۔ ذمہ دار افراد کے خلاف تحقیقات کا عمل جلد مکمل کیا جائے کیونکہ نیلامی کے عمل کے بغیر بھی اراضی کو فروخت کرنا غیر قانونی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی میں بے ضابطگیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ضلع خوشاب کے علاقے قائدآباد میں کم آمدن والے خاندانوں کو پلاٹس کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر پلاٹس الاٹ کرنے کے ذمہ داروں کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وضع کردہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے اور اینٹی کرپشن کا ادارہ پنجاب میں تمام سکیموں کا آڈٹ کرکے رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں اور جہاں بے ضابطگی ہوئی ہے وہاں ذمہ دار سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شفافیت کی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے عہدوں پر رہنے کے حق دار نہیں۔صوبائی وزیرہاؤسنگ سید ہارون سلطان بخاری، چیف سیکرٹری، چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز قانون، ہاؤسنگ، کوآپریٹو اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں پارکنگ سہولتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں لاہور میں نئے بس ٹرمینل کے قیام کے حوالے سے بھی تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔پارکنگ بہتر ہوگی تو ٹریفک کی روانی میں بھی مدد ملے گی۔پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے پروگرام پر جلد سے جلد عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مکینیکل پارکنگ مشینوں کے ذریعے بھی پارکنگ کے مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔شاہدرہ اورٹھوکر نیازبیگ پر جدید بس ٹرمینل کے قیام کیلئے فوری طور پر ضروری امور طے کئے جائیں۔ان بس ٹرمینلز کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہیئے۔میٹر پارکنگ کا بھی جائزہ لیا جائے۔ صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، لارڈ میئر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پینے کے صاف پانی کے پروگرام کی فزیبلٹی سٹڈیز ،ماڈلز اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور مفاد عامہ کے اس اہم پروگرام کا تعلق براہ راست انسانی صحت کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے پہلے ہی بہت وقت ضائع ہو چکا ہے، تاہم اب اسے تیزرفتاری سے آگے بڑھانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کی 37 تحصیلوں میں صاف پانی پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے حتمی پلان ایک ہفتے کے اندر پیش کیا جائے اور واٹرٹیسٹنگ اور سروے کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام پر تیزی سے کام کرنے کیلئے فوری طور پر درست سمت میں فیصلے کر کے ان پر عملدرآمد کرنا ہو گا، اب مزید ایک لمحے کی بھی تاخیر کی گنجائش نہیں۔ صاف پانی پروگرام کے حوالے سے ایک ایک دن اہم ہے اور مفاد عامہ کے اس اہم منصوبے پر محنت، عزم اور نیک نیتی کے ساتھ کام کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میرا مشن ہے جسے ہر حال میں پورا کروں گا۔ چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال ، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہاؤسنگ ، متعلقہ حکام اور ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -