خواجہ آصف نے بھارتی خوشنودی کیلئے حافظ سعید پر الزام لگائے ،متحدہ طلبامحاذ

خواجہ آصف نے بھارتی خوشنودی کیلئے حافظ سعید پر الزام لگائے ،متحدہ طلبامحاذ

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر )متحدہ طلبا محاذکی طرف سے جرمنی کے شہر میونخ میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے دیے گئے بیان کہ’’ حافظ محمد سعید پاکستانی معاشرے کے لیے خطرہ ہوسکتے ہیں ‘‘ پرشدید رد عمل دیتے ہوئے المحمدیہ سٹوڈنٹس ،امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن،انجمن طلبا اسلام،اسلامی جمعیت طلبا،اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ،پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن،جمعیت طلبا اسلام (س)،جمعیت طلبا اسلام(ف) اور دیگر طلبا رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ حافظ سعیدنہیں ہیں بلکہ بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے وہ افراد ہیں جو حکومتی صفوں میں موجود ہیں۔متحدہ طلبا محاذ کے صدر سیدسرفراز نقوی ،جنرل سیکرٹری سہیل چیمہ اور دیگر رہنماؤں کی طرف سے اس بیان کی شدید مذمت کی گئی۔ملک بھرکی طلبا تنظیموں پر مشتمل متحدہ طلبا محاذ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو جرمنی میں عالمی کانفرنس میں بھارت کی طرف سے کشمیر میں جاری ظلم و بربریت اور جارحیت کو نمایاں کرنا چاہیے تھا نا کہ محب وطن اور فلاحی سرگرمیوں میں ملوث رہنماؤں کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے سے متاثر ہوکر یوں بیان دینا چاہیے تھا۔پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت براہ راست ملوث پے اور کلبھوشن یادیو کی صورت میں اس کا ثبوت موجودہے جس کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا چاہیے۔ مزید براں پاکستان میں ہونے والی فرقہ وارانہ دہشت گردی اور حالیہ دھماکوں کے پیچھے بھی بھارت کا ہاتھ ہے۔بھارت کے اس مکروہ کردار کے باوجود خواجہ آصف کی جانب سے بھارتی خوشنودی کے لیے ایک ایسے شخص پر الزام تراشی کرنا جس کو پاکستان کی اعلیٰ عدالتیں بے قصور قرار دے چکی ہیں،سراسر ملکی مفاد کے خلاف ہے۔کشمیر میں جاری جارحیت کو عالمی برادری میں اجاگر کرنے کی بجائے اس قسم کے بیانا ت افسوسناک ہیں۔یاد رہے کہ متحدہ طلبا محاذ ملک بھر کی طلبا تنظیموں پر مشتمل ہے جس میں المحمدیہ سٹوڈنٹس ،امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن،انجمن طلبا اسلام،اسلامی جمعیت طلبا،اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ،پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن،جمعیت طلبا اسلام (س)،جمعیت طلبا اسلام(ف) اور دیگر شامل ہیں۔ ان طلبا تنظیموں کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بھارت کی طرف سے کشمیر میں جاری ظلم کو واضح کرے اور ایسے بیانات سے گریز کیا جائے۔

متحدہ طلبا محاذ

مزید :

صفحہ اول -