پاکستانی کھانوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کی حکمت عملی جلد تشکیل دینگے:احسن اقبال

پاکستانی کھانوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کی حکمت عملی جلد تشکیل ...

  

اسلام آ با د( آ ئی این پی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی و تر قی احسن اقبال نے کہاہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومتی سطح پر پاکستانی کھانوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کی حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھانے دیگر ممالک کی طرح دنیا بھر میں اپنی شناخت بنا سکیں،ہمیں اپنے کھانوں اور ان کی تشہیر میں جدت اختیار کرنے کی ضرورت ہے،ہمیں دنیا بھر میں فوڈ کے بڑے برانڈز کی حکمت عملی سے سبق سیکھنا ہوگا،بیرون ممالک معیاری کھانوں کے لئے ریستوران اور ان کی تشہیر کی حکمت عملی کواولین ترجیح دیں گے۔ پیر کو پاکستانی کھانوں کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر اور فروغ سے متعلق مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و تر قی احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستانی فوڈ برانڈز کی بین الاقوامی سطح ہر تشہیر اور برانڈنگ پر توجہ نہیں دی گئی۔ مشاورتی اجلاس نہایت ہی اہم اور انتہائی منفرد ہے۔حکومت ہر شعبے کی ترقی کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہی ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھانے دیگر ممالک کی طرح دنیا بھر میں اپنی شناخت بنا سکیں۔ہمیں اپنے کھانوں اور ان کی تشہیر میں جدت اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔اللہ تعالی نے پاکستان کو ہر طرح کی نعمتوں سے نوازا ہے۔ہمارے ملک تمام موسم، انواع و اقسام کے پھل، سبزیاں اور فصلیں ہیں۔ہمارے کھانے دنیا بھر کے مقابلے میں کہیں زیادہ صحت افزا اور ان میں بہت تنوع ہے۔دنیا بھر میں بڑے بڑے برانڈز ابھر رہے ہیں۔ہر برانڈ دراصل کسی نہ کسی شعبے میں ممالک کی تشہیر کا ذریعہ اور علامت بن جاتا ہے۔ہمیں دنیا بھر میں پاکستانی کھانوں کی برانڈنگ کرنا ہے۔ہمیں دنیا بھر میں فوڈ کے بڑے برانڈز کی حکمت عملی سے سبق سیکھنا ہوگا۔بیرون ممالک معیاری کھانوں کیلئے ریستوران اور ان کی تشہیر کی حکمت عملی ہماری اولین ترجیح ہوگی ۔ اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، فنانس ڈویڑن اور وزارت خارجہ امور کے اعلی افسران اور معروف ریستورانوں اور شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ آخر -