جنوبی پنجاب میں رینجرز آپریشن کا فیصلہ خوش آئند ہے:سیاسی ماہرین

جنوبی پنجاب میں رینجرز آپریشن کا فیصلہ خوش آئند ہے:سیاسی ماہرین

  

لاہور( جاوید اقبال‘ شہزاد ملک ) مختلف سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں نے جنوبی پنجاب میں دہشت گردی اور کالعدم تنظیموں کے خلاف بے لاگ آپریشن شروع کرنے میں رینجرز کی مدد لینے کے حکومتی فیصلے کو خوش آئیند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بے رحم آپریشن کو فی الفور شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے راہنماؤں کا کہنا ہے کہ آپریشن ایک منٹ ضائع کئے بغیر لاہور میں پانچ مارچ کو ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل سے قبل شروع ہو جانا چاہئے آپریشن بلا تفریق ہونا چاہئے اگر اس میں تاخیر کی گئی تو دہشت گردوں کو اس سے آکسیجن ملے گی ۔اس امر کا اظہار انہوں نے پاکستان موبائل فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے راہنما اور سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت پورے پنجا ب میں دہشت گردوں کے خلاف رینجرز سے آپریشن کر وانے کے فیصلے کی حمائت کرتے ہیں آپریشن شروع کرنے میں پنجاب حکومت کو پنجاب کے ایک اہم وزیر تک رینجرز کو رسائی دی جائے پہلے ہی بہت دیر ہو چکی ہے آپریشن فی الفور شروع کیا جائے ۔مسلم لیگ (ن) کے چئیرمین راجہ ظفر الحق نے کہا کہ حکومت آپریشن میں رینجرز سے مددلے گی بلا تفریق اور بے لاگ آپریشن کیا جائے گا دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت ہر اس حد تک جائے گی جہاں جانا ضروری ہوا اور اس آپریشن مین دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا ۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم تو شروع دن سے ہی یہ کہہ رہے ہیں کہ ملک کو ہر قیمت پر دہشت گردی سے پاک کیا جائے اور جہاں جہاں بھی اس آپریشن کی ضرورت ہے اس کا دائرہ وہاں تک بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی تاخیر سے کام نہ لیا جائے بلکہ اس کو فی الفور شروع کیا جائے ہمارے سیاسی نظریاتی اختلافات اپنی جگہ لیکن ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے ہم حکومت کا ہر سطح پر ساتھ دیں گے۔پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا دہشت گردی کے خلاف دو ٹوک موقف ہے کہ حکومت اپنی صفوں میں بھی دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو تلاش کرے اور پنجاب میں جو دہشت گردوں کی نرسریان ہیں ان کے خلاف سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک بے رحمانہ آپریشن شروع کیا جائے اور اس کو فوری سے بھی پہلے شروع کیا جائے ۔عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کو آپریشن کرنے سے کس نے روکا ہے پنجاب کے حکمران خود ہی لیت و لعل سے کام لے رہے تھے اب بھی پنجاب کے حکمرانوں کو اس آپریشن کا فوری آغاز کردینا چاہئے اور رینجرز کو مکمل اختیار بھی دینے چاہئے اور ان کو ان کی اپنی مرضی سے کام کرنے کی کھلی چھٹی دینی چاہئے۔

مزید :

صفحہ آخر -