عراق : داعشی جنگجو نے 200 خواتین کیساتھ بد اخلاقی کا اعتراف کرلیا

عراق : داعشی جنگجو نے 200 خواتین کیساتھ بد اخلاقی کا اعتراف کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


موصل ( مانیٹرنگ ڈیسک )عراق میں کرد فورسز کے ہاتھوں گرفتار داعش جنگجو نے 200 خواتین کی آبروریزی کا اعتراف کرلیا ٗ 21 سالہ عمار حسین نے شدت پسند گروپ کے کئی دوسرے پراسرار جرائم سے بھی پردہ اٹھادیا ۔ ایک رپورٹ کے مطابق داعشی دہشت گرد عمار حسین نے 200 سے زائد عراقی خواتین کی عصمت ریزی کی اور سیکڑوں افراد کے قتل کا مرتکب ہوا ہے۔ مگر ان تمام جرائم کے ارتکاب کے باوجود وہ شرمندہ نہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق عراق میں کرد فورسز کے ہاں گذشتہ اکتوبر سے گرفتار داعشی جنگجو اکیس سالہ عمار حسین نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ دو سو سے زائد عراقی عورتوں کی آبرو ریزی کا مرتکب ہوا ہے اور اس اقدام پر اسے کوئی شرمندگی نہیں۔کرد فورسز نے کئی ماہ تک حراست میں رکھنے کے بعد حال ہی میں داعشی جنگجو تک صحافیوں کی رسائی کی اجازت دی تھی۔ عمار حسین کو عراق کے شہر کرکوک سے اس وقت حراست میں لیا تھا، جب عراقی فوج نے داعش کو شکست دے کر شہر کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے داعشی شدت پسند نے کہا کہ وہ دو سو سے زائد عورتوں کی آبرو ریزی کے باوجود اپنے کیے پر شرمندہ نہیں۔کرد فورسز کے ہاں قید داعشی جنگجو نے شدت پسند گروپ (داعش)کے کئی دوسرے پراسرار جرائم سے بھی پردہ اٹھایا۔ عمار حسین نے کہا کہ تنظیم کے مقامی امیر اور عسکری قائدین کی طرف سے تمام جنگجوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ بلا جھجک خواتین کی آبرو ریزی کریں۔ انہیں اس مجرمانہ فعل کی کھلی چھٹی دی گئی تھی۔ ہمیں کہا گیا تھا کہ ہم یزیدی قبیلے کی جس عورت کی عزت سے چاہیں کھیلیں۔ اس کے علاوہ لڑائی کے دوران داعشی یزیدی قبیلے کے علاوہ دوسری عورتوں کو پکڑ کر لاتے اور ان کی آبرو ریزی کرتے۔داعشی عمار حسین نے کہا کہ خواتین کی آبرو ریزی ایک فطری امرتھا اور سب جنگجو ایسا ہی کرتے تھے۔ اس نے بھی دو سو سے زائد عورتوں کی عزت پامال کی۔داعشی سے پوچھا گیا کہ وہ خواتین کی آبرو ریزی کیسے کرتے تو اس کا کہنا تھا کہ لڑائی کے دوران وہ یزیدیوں کے گھروں میں جاتے اور وہاں پر موجود مردوں کو قتل یا گرفتار کرتے اور عورتوں کی کھلے عام آبرو ریزی کی جاتی۔ داعشی دہشت گردوں کی جنسی ہوس کا نشانہ بننے والی بعض کم عمر بچیاں تھیں۔حسین نے بتایا کہ سنہ 2013 میں داعش میں شمولیت کے بعد اس نے کم سے کم 500 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا۔ جس شخص کو قتل کرنے کی ضرورت ہوتی ہم اس کا سر تن سے جدا کردیتے۔داعشی دہشت گرد نے کہا کہ تنظیم کے امرا نے ان کی تربیت اس انداز میں کی کہ انہیں کسی شخص کو قتل یا عورتوں کی عصمت دری پر ذرا بھی پریشانی نہیں ہوتی تھی۔ البتہ اسے شروع میں لوگوں کو قتل کرنے میں مشکل پیش آتی ہمیں قیدیوں کو قتل کرنے کا طریقہ سکھایا گیا۔ آہستہ ٓآہستہ میں بھی قتل کا عادی ہوگیا اور کسی شخص کی جان لینے کی پریشانی جاتی رہی۔داعشی نے بتایا کہ ہم سات، آٹھ یا دس افراد کو ایک ہی وقت میں موت کے گھاٹ اتارتے۔ بعض اوقات زیادہ لوگ پکڑے جاتے تو تیس اور چالیس کے گروپ کو اجتماعی طور پر قتل کردیا جاتا۔ ہم قیدیوں کو صحرا میں لے جاتے اور وہاں انہیں موت کی نیند سلا دیتے۔عمار حسین سے انٹرویو کرنے والے صحافیوں نے کرد عسکری عہدیداروں سے بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ عمار حسین قتل اور عصمت ریزی کے انتہائی سنگین جرائم کا مرتکب ہوا ہے مگر اس نے قتل اور آبرو ریزی کے کتنے جرائم کا ارتکاب کیا وہ نہیں جانتے۔

مزید :

صفحہ آخر -