جامعہ پنجاب کا 125واں جلسہ عطائے اسناد ، میڈیکل کالج قائم کرنے کا اعلان
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جنوبی ایشیاء کی ممتاز تعلیمی درس گاہ جامعہ پنجاب کا 125 واں جلسہ عطائے اسناد فیصل آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔ صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم و پرو چانسلر سید رضا علی گیلانی کی زیر صدارت منعقدہ باوقارتقریب میں چےئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد نظام الدین ،فیکلٹی ممبران ، طالبعلموں اور ان کے والدین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رضا گیلانی نے کہا کہ جامعہ پنجاب میں میڈیکل کالج اور 4سو بیڈ کا ٹیچنگ ہسپتال قائم کیا جائے گا ۔انہوں نے طالبعلموں کے لئے 10بسوں کی فراہمی کے اعلان کے علاوہ اساتذہ و طالبعلموں کورہائش ودیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے وائس چانسلر کو ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ پنجاب سمیت 5 دیگر سرکاری یونیورسٹیوں کو عالمی کیو ایس رینکنگ میں لایا جا ئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم کے شعبہ کو ضروری وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ ہماری جامعات اور کالجز کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کے ذریعے علم پر مبنی معیشت کی ترقی میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم انتہائی ذہین اور باصلاحیت ہے ،اس قوم کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔
،مگر ہمیں تیزی سے آگے بڑھنے کے لئے تعلیم کو بنیاد بنانا ہو گا، کیونکہ 21ویں صدی میں وہی قومیں ترقی کریں گی جن کی سائنس و ٹیکنالوجی پر دسترس ہو گی ۔
۔انہوں نے طالبعلموں سے کہا کہ وہ پاکستان کی توقیر کو ہمیشہ ترجیح دیں ،اس کے ساتھ ساتھ ہمیں لکیر کا فقیر بننے کی بجائے تخلیقی طرز فکر اپنانا ہو گا ۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب میں اعلی تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے کے لئے ادارہ جاتی میکیزم ڈویلپ کیا گیا ہے، اس کے ساتھ سرکاری جامعات کو ریسرچ کے لئے خصوصی فنڈز بھی مہیا کئے گئے ہیں۔تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے مرکز صحت کو جدید سہولیات سے مزین ہسپتال میں تبدیل کیا جا ئے گا جو بعد ازاں قائم ہونے والے میڈیکل کالج کے ملحقہ ہسپتال کی صورت اختیار کر لے گا ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر رضا گیلانی نے مختلف شعبوں کے طالبعلموں میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے۔