پاک افغان کشیدگی ختم کرانے کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی اسلام آباد آمد
اسلام آباد(اے این این) پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے تادامیچی یاما موٹواسلام آباد پہنچ گئے ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق افغانستان کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے اسلام آباد میں معاون خصوصی طارق فاطمی سے ملاقات کی اور افغانستان کی صورتحال اور ملک میں امن و استحکام کیلئے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے افغانستان میں پائیدار امن کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف نمٹنے سمیت مختلف حوالوں سے افغان حکومت کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان موثر سرحدی انتظام کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہمیں افغانستان کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے سیاسی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل ہی پائیدار راستہ ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے طارق فاطمی کو افغانستان میں امن و ترقی کیلئے اقوام متحدہ کی طرف سے کیے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے دورے کا مقصد پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرانا ہے۔
اقوام متحدہ /نمائندہ خصوصی